0
Tuesday 16 Aug 2011 23:57

لاہور،ڈی سی او نے یوم علی علیہ السلام پر سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا حکم دے دیا

لاہور،ڈی سی او نے یوم علی علیہ السلام پر سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا حکم دے دیا
لاہور:اسلام ٹائمز۔ ڈی سی او لاہور احد چیمہ نے حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی کے سخت ترین اور فول پروف انتظامات کے ساتھ جلوسوں کے مقررہ راستوں سے کوڑے کے کنٹینرز ہٹانے، بند دکانوں اور مکانات کی تلاشی، شرکاء کو میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ سے چیک کرنا اور مشکوک افراد اور کھڑی موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا ہے۔ وہ اپنے دفتر میں یوم شہادت علی علیہ السلام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شیعہ علماء اور ضلع بھر کے محکموں کے افسران و اہلکاران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈی سی او نے اجلاس میں محکمہ پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر خصوصی پلان ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ 18 رمضان المبارک سے 21 رمضان المبارک تک مجالس اور جلوس کے مقامات پر لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا بجلی کے اچانک تعطل کی صورت میں جنریٹرز اور لائٹس کے متبادل انتظامات کئے جائیں۔ ڈی سی او نے واسا، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ٹی ایم اوز راوی و داتا گنج بخش ٹاؤنز، سوئی گیس، ورکس اینڈ کمیونیکیشن کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران کو جلوس اور مجالس کے راستوں سے تجاوزات ہٹانے، سیوریج ، اوپن گٹروں کے ڈھکنوں ، صفائی ستھرائی اور راستوں کے پیچ ورک، بجلی کی لٹکتی تاروں جیسے کاموں کی فوری مرمت کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ڈی سی او نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ وہ ان ایام میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کی پوزیشن میں رہیں۔ ڈی سی او نے افطاری کے موقع پر صاف اور ٹھنڈے پانی کے ٹینکر موجود رکھنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل، طبی امداد، ریسکیو 1122 کی گاڑیاں، بم ڈسپوزل سکواڈ، سول ڈیفنس اور لیڈی پولیس اہلکاران کی ڈیوٹیاں متعین کر دی جائیں۔ ڈی سی او نے شرکاء اجلاس کو ہدایت کی کہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معتبر ارکان پر مشتمل امن کمیٹی کے ممبران سے مسلسل رابطہ رکھیں اور انتظامات کو حتمی شکل دینے سے قبل ان سے راہنمائی حاصل کی جائے۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس دفعہ انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عقیدت مند اپنے مذہبی فرائض کی احسن طریقے سے ادائیگی کر سکیں۔ اجلاس میں الحاج حیدر علی مرزا، علامہ مشتاق حسین جعفری، خواجہ بشارت کربلائی، ذوالفقار حیدر نقوی، آغا شاہ حسین قزلباش، محمد علی شمسی، سید راقم رضا اور فقہ جعفریہ کے علماء، منتظمین، عہدیداران کے علاوہ، ڈی او ماحولیات طارق زمان، ایس پی سٹی،ڈاکٹر شہزاد آصف اورمتعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 92382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش