0
Thursday 18 Aug 2011 00:03

مشروط امریکی امداد قوم کی تذلیل ہے، متحدہ باہر نہیں رہ سکتی ساتویں بار حکومت میں شامل ہو رہی ہے، منور حسن

مشروط امریکی امداد قوم کی تذلیل ہے، متحدہ باہر نہیں رہ سکتی ساتویں بار حکومت میں شامل ہو رہی ہے، منور حسن
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے امیر منور حسن نے کہا ہے کہ مشروط امریکی امداد قوم کی تذلیل ہے، پاکستان کو خارجہ پالیسی تبدیل کرکے چین سے تعلقات بہتر کرنا چاہیں۔ ادارہ نورحق کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ امریکا سے علیحدگی کا مطلب دہشت گردی کے خلاف جنگ سے علیحدگی ہے، اس سے ملک میں امن قائم ہو گا، امریکا سے تعلقات توڑ کر افغانستان سے تعلقات بڑھائے جائیں، تاکہ وہاں سے بھارت کو پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ انہوں نے بلوچستان میں فوجی آپریشن بند کرنے مطالبہ بھی کیا۔ منور حسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میں متحدہ کی شمولیت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے نہیں بلکہ اپنی جان بچانے کے لئے ہے، ان کے جرائم اتنے زیادہ ہیں کہ وہ حکومت سے باہر نہیں رہ سکتے۔
دیگر ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ فوجی امداد کی فراہمی کیلئے امریکی شرائط قومی غیرت و خوداری کے منافی ہیں، ایسی امداد کو مسترد کر کے امریکا کو خدا حافظ کہہ دینا چاہیے، متحدہ کا حکومت میں شریک ہونا شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے نہیں، بلکہ اپنی جان بچانے کیلئے ہے۔ متحدہ حکومت سے باہر نہیں رہ سکتی، بلوچ سرداروں کے گھروں پر چھاپے قابل مذمت ہیں۔ پیپلزپارٹی کو سیاسی طور پر شہید نہیں ہونے دینا چاہیے اور اس کو اپنی مدت پوری کرنے دینی چاہیے۔ رضا ربانی کے خط نے حکومتی چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے، جو پارٹی اپنی چیئرپرسن کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکے، اسے کامیاب حکومت کیسے قرار دیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منورحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امداد کی فراہمی کیلئے امریکا کی جانب سے عائد کی جانیوالی شرائط ہماری قومی غیرت اور وقار کے منافی ہیں، ایسی امداد کو مسترد کر دینا چاہیے، حکومت اور فوج کو متبادل راستہ اختیار کرنا چاہیے، یہ بہترین موقع ہے کہ امریکا کو خدا حافظ کہہ دیا جائے اور اس سے علیحدگی اختیار کرلی جائے۔ امریکا سے علیحدگی کا مطلب دہشتگردی کے خلاف جنگ سے علیحدگی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نجات حاصل کرنے کے نتیجے ہی میں لاپتہ افراد بازیاب ہوں گے اور امن قائم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور پورے ملک کے حالات جس نہج پر جا رہے ہیں وہ ہر محب وطن کیلئے تشویش کا باعث ہیں،سید منور حسن نے کہا کہ متحدہ ساتویں مرتبہ اپنے تھوک کو چاٹ کر حکومت میں شامل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آج بھی بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سید منور حسن نے مزید کہا کہ 15 اگست کو کشمیریوں نے پورے بھارت میں یوم سیاہ منایا، جس پر بھارت نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو گرفتار کر لیا، مگر ہماری کشمیر کمیٹی خاموشی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 92662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش