0
Monday 12 Sep 2022 15:00

سرینگر میں تحفظ شریعت و شہادت امام حسین (ع) کانفرنس کی ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیں
رپورٹ: جاوید عباس رضوی

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے امام باڑہ مدین صاحب سرینگر میں یوم حسین (ع) کا انعقاد ہوا۔ تحفظ شریعت اور شہادت حضرت امام حسین (ع) کے موضوع پر علماء دین کے بصیرت افروز خطابات بھی ہوئے۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقدہ مجلس میں قاری قمر علی صوفی نے تلاوت کلام پاک کی اور مزمل حسین نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت نذر کیا، اس پر وقار مجلس میں جن معززین نے اظہار خیال کیا ان میں مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام، مولانا سید شمس الرحمان، نمائندہ میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق، ایڈووکیٹ زاہد علی، خورشید احمد قانونگو، پروفیسر سید محمود المہدی، حجت الاسلام ڈاکٹر سید مدثر حسین رضوی، غلام حسن غمگین، مولانا سید محمد حسین الموسوی گریند، مولانا سید یوسف الموسوی پاٹواو، مولانا سید محمد حسین صفوی، مولانا آغا سید محمد عقیل الموسوی الصفوی، مولانا غلام محمد گلزار شالنہ، مولانا سید محمد حسین اور مولانا سید عدیل مرتضیٰ شامل ہیں جبکہ نظامت کے فرائض مولوی توفیق حسین نے انجام دئے۔

مقررین نے معرکہ کربلا کے علل و اسباب کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یزید جیسے فاسق و فاجر اور بد کردار شخص کا خلافت اسلامیہ کے منصب پر مسلط ہونا اسلام اور اسلامی شریعت کے لئے انتہائی ضرر رسان معاملہ بن چکا تھا یزید اعلانیہ طور پر پیغمبر اسلام (ص) کی رسالت اور شریعت کا مذاق اڑاتا تھا اور بلا خوف ایسے منکرات کا مرتکب ہو رہا تھا جن کی شریعت اسلامی میں کوئی بھی گنجائش نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ یزید کے یہ شریعت مخالف افعال عام مسلمانوں کو شریعت شکنی کی طرف راغب کر رہے تھے صورتحال کا سب سے کربناک پہلو یہ یہ تھا کہ امت مسلمہ میں کوئی بھی شخص یزید کو شریعت مخالف سیاہ کارناموں پر ٹوکنے کی ہمت نہیں کر رہا تھا حالانکہ ابھی سینکڑوں کی تعداد میں اصحاب رسول (ص) موجود تھے، ان حالات میں اگر حضرت امام حسین (ع) انکار بیعت کی صورت میں یزید کی شریعت دشمنی کے خلاف مزاحمت نہ کرتے تو یقینی طور پر اسلامی شریعت کا حلیہ بگڑ چکا ہوتا ان حالات میں حضرت امام حسین (ع) کی شہادت اور مقدس قیام، تحفظ شریعت کے لئے ناگزیر بن چکا تھا۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر مولانا آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے صدارتی خطبے میں حضرت امام حسین (ع) اور ان کے اصحاب و اقارب کی عظیم شہادتوں کو شریعت محمدی (ص) کے تحفظ و بقا کی ابدی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یزید نے اسلام اور شریعت اسلامیہ کے خلاف قولی و عملی طور پر بغاوت اختیار کر رکھی تھی جس کی تفصیل تاریخ کی کتابوں میں موجود ہے، خلافت اسلامیہ کا لبادہ اوڑھ کر بد کاری اور بد کرداری کا جو بدترین مظاہرہ حاکم شام کر رہا تھا وہ اسلامی شریعت کے لئے سم قاتل ثابت ہو سکتا تھا، اگر حضرت امام حسین (ع) امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا نصب العین لیکر مزاحمت و استقامت کی راہ اختیار نہ کرتے تو آج اسلامی شریعت اپنی حقیقی شکل و صورت میں موجود نہیں ہوتی۔ اس موقعہ پر آغا سید حسن نے انجمن اتحاد المسلمین کے سرپرست علیل عالم دین مولانا محمد عباس انصاری کی شفایابی کے لئے خصوصی دعا کی۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
خبر کا کوڈ : 1013867
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش