0
Thursday 28 Mar 2024 17:15

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ حماس کے کمانڈر نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو فلسطین کی جانب مارچ کرنے کی اپیل کردی، اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے ملٹری کمانڈر محمد الضیف کی جانب سے جاری آڈیو بیان میں پاکستان، ملائیشیا، اردن، لبنان اور دیگر عرب اور اسلامی ممالک سے فلسطین کی جانب مارچ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ محمد الضیف کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ کل نہیں بلکہ آج اور ابھی فلسطین کی طرف مارچ کریں۔ مسجد اقصیٰ کو آزاد کروانے کے جہاد میں سرحدوں اور پابندیوں کو رکاوٹ نہ بنائیں۔ رمضان کے فوری بعد اسرائیل نے رفح میں 6 ہفتوں تک حملوں کی  منصوبہ بندی کر لی ہے۔ ان حملوں کے بعد غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کیا جائے گا اور اسرائیل مصر کو باضابطہ اطلاع دے گا۔

2۔ پاکستان نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی کی حمایت کردی، خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی عہدیدار نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملوں کو نسل کشی کے مترادف قرار دیتے ہوئے عالمی برداری سے مطالبہ کیا ہے کہ تل ابیب پر دیگر پابندیوں سمیت ہتھیاروں کی فراہمی پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیس نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے حقوق کے ادارے کو ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا یہ میرا فرض ہے کہ میں انسانیت کی سب سے خراب صورتحال کے بارے میں رپورٹ کروں اور اپنے نتائج کو پیش کروں۔ رپورٹ کو نسل کشی کی اناٹومی کہا جاتا ہے۔

3۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر امریکا کا تبصرہ، بھارت نے امریکی سفارت کار کو طلب کر لیا، رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت پر زور دیا تھا کہ وہ گذشتہ ہفتے گرفتار ہونے والے اروند کیجریوال کے لیے منصفانہ، شفاف اور بروقت قانونی عمل کو یقینی بنائے۔ امریکا نے مزید کہا کہ وہ اروند کیجریوال کی گرفتاری کی گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ منصفانہ قانونی عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ بعدازاں بھارت نے امریکا کے اس تبصرے سخت اعتراض کرتے ہوئے امریکی سفارت کار کو طلب کرلیا۔ بھارت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس ریمارکس پر سخت اعتراض کرتے ہیں، سفارت کاری میں ریاستوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی خودمختاری اور اندرونی معاملات کا احترام کریں۔

4۔ جرمنی اور اردن میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے، مظاہرین کا فوری طور پر جنگ بند کرنے کا مطالبہ، جرمنی کے دارالحکومت برلن اور اردن کے دارالحکومت امان میں فلسطین کے حامی مظاہرین نے غزہ کے عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کی مخالفت میں زبردست مظاہرہ کیا۔ برلن میں مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر لکھا ہوا تھا کہ غزہ میں نسل کشی بند کرو اور فلسطین کو آزاد کرو۔ دوسری جانب اردن کے عوام نے بدھ کی رات القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد ضیف کی اپیل پر سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کیا۔

5۔ امریکا میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے،  امریکی ریاست الینوائے میں چاقو بردار جنونی شخص نے راہگیروں پر وار کیے، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسپتال میں چاقو کے وار سے متاثرہ 9 افراد کو منتقل کیا گیا، جن میں سے 3 مردہ حالت میں تھے جبکہ ایک نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ 3 زخمیوں کو حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ تفتیشی عمل جاری ہے لیکن ابھی تک قتل کے محرکات کا تعین نہیں ہوسکا۔ تاحال ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

6۔ روس کے صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسکے حواری بڑے اور مضبوط روس سے خوفزدہ ہیں، روسی فضائیہ کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ روس نیٹو ممالک یا یورپ پر حملہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پولینڈ، بالٹک ریاستوں یا چیک کے خلاف روس کے جارحانہ عزائم نہیں۔ روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ دھوکے باز دفاع کے نام پر اپنے عوام سے اضافی رقم بٹورنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر روسی صدر پیوٹن نے روس صرف روسیوں کا ہے، جیسے جملے بولنے والوں کو بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس کئی قومیتوں اور مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے، مسلم اور یہودی بھی دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی طرح ہمارے بھائی ہیں۔

7۔ امریکہ نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرنا ترجیح میں شامل ہے، امریکی وزارت خارجہ کی پریس بریفنگ میں ایک صحافی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ امریکا نے اپنے غیر نیٹو اتحادی ملک پاکستان کو توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے اکیلا چھوڑ دیا ہے، حالانکہ پاکستان کئی جگہوں پر امریکا کا زبردست اتحادی رہا ہے، لیکن کیا پھر بھی امریکا ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کی وجہ سے پاکستان پر 18 بلین ڈالر کا جرمانہ ہوسکتا ہے؟ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جواب میں کہا کہ پاکستان کی توانائی کی کمی کے بحران سے نمٹنے میں مدد کرنا امریکا کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم نے پاکستان میں تقریباً 4 ہزار میگاواٹ توانائی کی صلاحیت کے اضافے میں مدد کی ہے۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے اردن کے دارالحکومت "امان" میں قائم صیہونی سفارت خانے کے سامنے سینکڑوں اردنی شہریوں کا فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ
خبر کا کوڈ : 1125436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش