0
Saturday 13 Apr 2024 12:32

کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں ہے، یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، حریت کانفرنس

کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں ہے، یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی تسلط پسندانہ ذہنیت اسے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرنے سے روک رہی ہے۔ انہوں نے کہا جموں و کشمیر پر بھارت کا قبضہ جدید دور کی استعماریت کا بدترین مظہر ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے 05 اگست 2019ء کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کا ہرگز اندرونی معاملہ نہیں، یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا حق خودارادیت 76برس سے دبا رکھا ہے، وہ جموں و کشمیر کے بارے میں اپنے بین الاقوامی وعدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے لہذا دنیا کو چاہیے کہ وہ ان وعدوں کی پاسداری کیلئے اس پر دباﺅ ڈالے۔ ترجمان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
خبر کا کوڈ : 1128264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش