0
Thursday 25 Apr 2024 10:49

تنازعہ کشمیر کے حل میں سفارتکاری کا کردار کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

تنازعہ کشمیر کے حل میں سفارتکاری کا کردار کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ کثیر الجہتی اور پرامن سفارتکاری کے عالمی دن کے موقع پر اتحاد اسلامی جموں و کشمیر اور فرینڈ ز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق”تنازعہ کشمیر کے حل میں سفارتکاری کا کردار” کے موضوع پر سیمینار میں ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین نے شرکت کی۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر ایک جامع کتاب کی مانند ہے جس کے باب پورے مسئلے کے ہر پہلو کا احاطہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو صحیح معنوں میں سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین نے کشمیری سیاسی نظربندوں کی مسلسل نظربندی کے مسئلے کا سفارتی ذرائع کے ذریعے حل تلاش کرنے پر زور دیا کیونکہ ان لوگوں کو اختلاف رائے رکھنے پر قید کیا گیا ہے اور وہ مجرم نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری حریت رہنمائوں بشمول مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو اور دیگر کو بین الاقوامی سطح پر بھارت کی طرف سے پھیلائے جانیوالے بے بنیاد پروپیگنڈہ کی بجائے کشمیری آزادی پسند رہنمائوں کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ مقررین نے حکومت پاکستان پر بھی زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ میں نمائندگی رکھنے والے چھوٹے ممالک میں مسئلہ کشمیر اور اس کے حل کی اہمیت سے بخوبی آگاہ سفارتکاروں کو تعینات کرے تاکہ وہ ان ممالک میں تنازعہ کشمیر سے متعلق حقائق کو اجاگر کریں۔

مقررین میں پاکستانی سفیر نفیس زکریا اور عبدالباسط، بابر امین اور ضمیر اعوان، پاکستان میں فلسطین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نادر الترک، سینیٹر مشتاق احمد، انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں چائنا پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طلعت شبیر، صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر مجاہد گیلانی، وائس چیئرمین فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل عبدالحمید لون، اتحاد اسلامی جموں و کشمیر کے سید منظور احمد شاہ، صدر یوتھ کونسل پاکستان شہزاد خان شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 1130969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش