0
Wednesday 29 May 2013 13:52

گلوبل مارچ ٹو یروشلم غزہ محاصرے کو توڑنے کی کوشش کرے گا، سارا مروسک

گلوبل مارچ ٹو یروشلم غزہ محاصرے کو توڑنے کی کوشش کرے گا، سارا مروسک
اسلام ٹائمز۔ گلوبل مارچ ٹو یروشلم (جی ایم جے) کی بین الاقوامی سربراہی کمیٹی کی رکن سارا مروسک نے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران ''اسلام ٹائمز'' سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 جون کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں تاریخی احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔ اردن میں بھی ایک بڑے عوامی مارچ کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں مختلف اسلامی تحریکیں اور قومی اتحاد شرکت کریں گے۔ اردن کے سرحد پار بھی مختلف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اسی طرح غزہ میں بھی ایک بڑ ا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ جہاں بین الاقوامی شخصیات کا ایک بہت بڑا وفد پہنچے گا، جس میں پاکستان سے بھی ایک وفد شامل ہے۔

بین الاقوامی جی ایم جے کمیٹی کے تحت غزہ جانے والا یہ کاروان غزہ کے محاصرے کو توڑنے کی کوشش کرے گا۔ مغربی کنارے کے علاقے میں حسب سابق امسال بھی ایک بڑا مظاہرہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح لندن میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے ایک بڑا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مراکش، الجزائر، تیونس، ملائشیا، کینیڈا اور امریکہ میں بھی اس دن مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ گلوبل مارچ ٹو یروشلم 2012ء کے موقع پر صہیونیوں نے بھرپور کوشش کہ اس مارچ کو درہم برہم کیا جائے۔ حکومتوں پر دباؤ ڈالا گیا۔ خصوصاً اردن کی حکومت کو ہراساں کیا گیا۔

گزشتہ سال مصر میں انقلاب کے بعد ہونے والے انتخابات کی وجہ سے وہاں جی ایم جے کی سرگرمیاں محدود تھیں تاہم اس بار مصر مزاحمت اور احتجاج کے لئے موزوں مقام ہے چونکہ وہاں کی منتخب حکومت فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی شدید مخالف ہے۔ مظالم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے اندر پولیس نے بربریت کی انتہا کر دی۔

سارا مروسک کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ عرب اسپرنگ کے بعد مشرق وسطیٰ کے حالات کروٹ لے رہے ہیں اور عربوں کی آواز کو اب دبایا نہیں جاسکتا۔ اگر ایسا کیا گیا تو اسرائیل شدید مشکلات کا شکار ہوجائے گا۔ اگر اس نے مقبوضہ فلسطین پر اپنے قبضے کو جاری رکھا تو اس کے عرب ہمسائے اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ چونکہ غاصب ریاست تمام بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ عربوں کی بیداری اسرائیل کی تنہائی کا باعث بن جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 268653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش