0
Saturday 22 Mar 2014 22:26

اردن کے راستے شام میں داخل ہونے والے ۱۷۵ تکفیری دہشت گرد شامی فوج کے ہاتھوں ہلاک، السمرا گاوں پر شامی فورسز کا کنٹرول

اردن کے راستے شام میں داخل ہونے والے ۱۷۵ تکفیری دہشت گرد شامی فوج کے ہاتھوں ہلاک، السمرا گاوں پر شامی فورسز کا کنٹرول
اسلام ٹائمز [نیوز ڈیسک] – شام سے موصولہ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق شامی فوج نے دعوا کیا ہے کہ اس نے عدرا شہر میں النصرہ فرنٹ سے وابستہ ایسے ۱۷۵ تکفیری دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جو اردن کے راستے شام میں داخل ہوئے تھے اور دمشق کی طرف پیش روی کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق شامی فورسز پہلے سے ان دہشت گرد عناصر کے شام میں داخلے سے آگاہ ہو چکی تھیں لہذا گھات لگائی بیٹھی تھیں اور جیسے ہی یہ دہشت گرد ان کے قریب پہنچے ان پر دھاوا بول دیا گیا۔ اس کامیاب فوجی آپریشن میں شامی فوج نے ان تکفیری دہشت گردوں کے ہمراہ موجود بڑے پیمانے پر اسلحہ کے ذخائر بھی اپنے قبضے میں لے لئے۔

یہ بے نظیر فوجی آپریشن شام کی موجودہ حکومت پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ فوجی ماہرین کے نزدیک اس آپریشن کی کامیابی میں مقامی شہریوں کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات نے انتہائی اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ مزید برآں اس بڑی کامیابی نے شامی فوج کی ہر قسم کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیتوں کو بھی بخوبی عیاں کر دیا ہے۔ النصرہ فرنٹ سے وابستہ یہ دہشت گرد عناصر شام کے نواحی علاقے مشرقی الغوطہ کی جانب جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ یاد رہے گذشتہ سال ۲۶ فروری کو بھی سیرین آرمی نے مشرقی الغوطہ میں ایک بڑا فوجی آپریشن انجام دیا تھا جس میں النصرہ فرنٹ کے ایک ذیلی گروہ "الاسلام بریگیڈ" سے وابستہ ۱۷۵ دہشت گرد ہلاک اور سینکڑوں دہشت گرد زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سعودی عرب، قطر اور چچنیا کے شہری بھی دیکھے گئے تھے۔ یہ دہشت گرد بھی اردن سے عدرا کے راستے دمشق کے نواحی علاقے مشرقی الغوطہ آئے تھے۔ دوسری طرف شام کے شہر حمص سے ملنے والی ایک رپورٹ کے مطابق تقریبا ۲۱ تکفیری دہشت گردوں نے خود کو شامی فوج کے حوالے کر دیا ہے۔

شام سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق شام کے صوبے لاذقیہ میں بھی فورسز اور تکفیری باغی دہشت گردوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق کل مسلح باغیوں کی جانب سے "نبرد انفال" کے نام سے ایک بڑا فوجی حملہ انجام پایا جس میں انہوں نے ایک سرحدی چیک پوسٹ "کسب" اور سرحدی گاوں "السمرا" پر قبضہ کر لیا۔ لیکن آج ہفتے کے دن شامی فوج نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے سرحدی چیک پوسٹ "الصخرہ"، سرحدی چیک پوسٹ "کسب" اور سرحدی گاوں "السمرا" کو مسلح باغیوں کے قبضے سے چھڑوا کر اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ اسی طرح رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس جھڑپ میں النصرہ فرنٹ کا ایک اہم کمانڈر "طارق قراجہ" بھی مارا گیا ہے۔

دوسری طرف دمشق کے نواح میں واقع علاقے "خان الشیخ" میں بھی سیرین آرمی نے ایک بڑا آپریشن انجام دیا جس میں ۷۰ تکفیری دہشت گرد ہلاک اور تقریبا ۲۰۰ دہشت گرد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس آپریشن میں مسلح باغیوں کے دو اڈے بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ دو اڈے "فرسان السنہ" اور "مزرعہ الافغانی" نامی دو تکفیری دہشت گرد گروہوں کے زیرکنٹرول تھے۔ اسی طرح شام کے جنوبی حصے میں واقع "قنیطرہ" صوبے میں بھی شامی فوج کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے جس میں "رسم الھور" نامی گاوں تکفیری دہشت گرد عناصر کے قبضے سے آزاد کروا لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 364780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش