0
Wednesday 23 Apr 2014 23:35

حامد میر کے ساتھ ہیں مگر فوج یا کسی ادارے کے خلاف ہرگز نہیں، افضل بٹ

حامد میر کے ساتھ ہیں مگر فوج یا کسی ادارے کے خلاف ہرگز نہیں، افضل بٹ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان فیڈرل یو نین آف جرنلسٹس اور ملک بھر کے پریس کلبوں نے اس عزم کا اعلان کیا ہے کہ خون کے آخری قطرے اور اپنی آخری سانس تک حامد میر کا ساتھ دینگے لیکن اس کاہر گزیز یہ مطلب نہ لیا جائے کہ ہم فوجی یا کسی ادارے کے خلاف ہیں۔ اس کا اعلان صحافتی تنظیموں اور پریس کلبوں کے قائدین نے نیشنل پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حامد میر سے اظہار یکجہتی اور اْن پر ہو نے والے قاتلانہ حملے کی مذمت کیلئے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ دکھ کی ہر گھڑی میں حامد میر نے اپنی کمیونٹی کا ساتھ دیا اور جب بھی صحافیوں پر کڑا وقت آیا اْنہوں نے نہ صرف سڑکوں پر آکر صدائے احتجاج بلند کی بلکہ اپنے پروگراموں میں بھی ہائی لائٹ کیا چنانچہ آج ہمارا فرض ہے کہ اس مشکل وقت میں حامد میر کا ساتھ دیں، جس سے ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹائیں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ ہمیں اس پر بھی نہایت افسوس ہے کہ حامدمیر کو 6 گولیاں لگی مگر بعض لوگ اس واقعہ کو ڈرامہ قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں میری ایسے افراد اور تمام میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ ایسا کرنے کی بجائے اپنی کمیونٹی کا حصہ بنیں کیونکہ اگر آج ہم متحد نہیں ہو ئے تو کل ہمیں کوئی بھی نہیں بچا سکے گا اور ہماری بھی باری آسکتی ہے اور اس سے بچنے کا واحد راستہ اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان اشتہارات کی لڑائی ترک کر کے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی جد وجہد کریں ورنہ میڈیا کی آزادی کو خطرات لاحق ہو جائیں گے جو کہ ہم کسی بھی صورت نہیں ہو نے دینگے، پی ایف یو جے حامد میر پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری تک اپنی تحریک جاری رکھے گی اور ہم کسی بھی ادارے کو بند نہیں ہونے دینگے۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر علی رضا علوی نے کہا کہ ملک بھر میں کام کرنے صحافی اپنی دھرتی ماں کے وفادار ہیں اور جو لوگ میڈیا اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کو شش کر رہے ہیں ہم اْن کی مذمت کرتے ہیں اور ایسی سازشوں کوکسی بھی صورت کامیاب نہیں ہو نے دینگے۔ اْنہوں نے کہا کہ ہماری احتجاجی تحریک روکے گی نہیں بلکہ اس کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو گا، ہم نے میڈیا کی آزادی بڑی قربیاں دیکر حاصل کی ہے اسے کسی صورت سلب نہیں ہونے دینگے۔ نیشنل پریس کلب کے صدر شہریار خان نے کہا کہ یہ صرف جنگ جیو کا ہی نہیں بلکہ پوری میڈیا انڈسڑی کا مسئلہ ہے اور اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ جنگ جیو کا لائسنس منسوخ کردیا جا ئے گا تو ہم کسی بھی صورت یہ نہیں ہو نے دینگے کیونکہ ہم اپنے ساتھیوں کو بے روز گار نہیں ہو نے دینگے، اگر ہم جہموریت کی بحالی کیلئے آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف 72 روز تک سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر رہ کر تحریک چلا سکتے ہیں تو اپنی کمیونٹی کے دفاع کیلئے اْس سے بھی بڑی تحریک چلانے کی صلاحیت اور ہمت رکھتے ہیں، ہم موجودہ جمہوری حکومت سے پوچھتے ہیں کہ وہ اس ضمن میں مثبت کردار کیوں نہیں ادا کر رہی ہے۔ احتجاجی مظاہر ے میں شریک جڑواں شہروں کے سیکڑوں صحافیوں نے ہاتھوں میں کتبے اْٹھا رکھے تھے جن پر احتجاجی سلوگن درج تھے جبکہ اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

خبر کا کوڈ : 375861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش