0
Tuesday 22 Jul 2014 15:38

تقویٰ الٰہی اختیار کرنیوالوں کو ہی خداواند عالم فتنوں سے نکلنے کا راستہ مہیا کرتا ہے، آیت اللہ بہاؤالدینی

تقویٰ الٰہی اختیار کرنیوالوں کو ہی خداواند عالم فتنوں سے نکلنے کا راستہ مہیا کرتا ہے، آیت اللہ بہاؤالدینی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن اور ناصران امام فاؤنڈیشن کی جانب سے شب قدر کے موقع پر سولجر بازار کراچی کے کیتھولک گراؤنڈ میں معرفت ثقلین سیمینار اور اجتماعی اعمال شب قدر کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ولی امرالمسلمین ولی فقیہ آیت للہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے پاکستان میں نمائندے آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے خصوصی خطاب کیا۔ آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی کے مترجم کے فرائض آغا سید مبشر زیدی نے انجام دیئے۔ سیمینار کے آخر میں علامہ اصغر شہیدی اور علامہ حیدر عباس عابدی کی اقتداء میں اعمال شب قدر ادا کئے گئے۔ اس موقع پر دوران اعمال نوحہ خوانی کے فرائض سید شجاع رضوی نے انجام دیئے۔

آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے شرکائے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کائنات خدا کی بارگاہ میں حاضر ہے، بندگی کے ذریعے ہی انسان خداوند عالم کے حضور پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان خداوند عالم کی بارگاہ میں حضور پیدا کرنا چاہتا ہے تو اسے چاہئیے کہ اپنے اوپر عبودیت طاری کرے، جتنا بھی کسی کی عبودیت اور بندگی کا درجہ ہوگا، اتنا ہی وہ خدا کے حضور حاضر ہوگا۔ آیت اللہ بہاؤالدینی کا کہنا تھا کہ کبھی بھی کوئی بے ادب شخص بارگاہ میں حضور نہیں پاسکتا، اگر عبادات میں ادب کا خیال رکھا گیا تو فرشتے انسان کیلئے نزول کرتے ہیں، ہمیں لازمی طور پر عبادات میں ادب و آداب کا خیال رکھنا چاہئیے۔ نمائندہ ولی فقیہ نے مزید کہا کہ ہمارے لئے خداوند عالم کی بارگاہ میں حاضر ہونے کیلئے نماز کو ایک راستہ قرار دیا گیا ہے، کوشش ہونی چاہئیے کہ نماز کو مسجد میں ادا کریں۔

نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ بہاؤالدینی نے کہا کہ ہزاروں فرشتے سن 61ھ میں روز عاشور کربلا میں نازل ہوئے اور آج تک وہ قبر مطہر سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کا طواف کر رہے ہیں، آہ و بکاء کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جو زائر امام حسین علیہ السلام کی زیارت کیلئے جاتا ہے یہ اس کا استقبال کرتے ہیں، اگر وہ بیمار ہوجائے تو اس کی عیادت کرتے ہیں، اگر کوئی زائر کربلا میں انتقال کر جائے تو یہ فرشتے اس کے جنازے میں آتے ہیں، اس کی مغفرت کیلئے دعا کرتے ہیں، لہٰذا ہمیں اپنی اہمیت کا احساس ہونا چاہئیے۔ آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے کہا کہ جو انسان اللہ کا تقویٰ اختیار کرتا ہے اللہ اس کیلئے فتنوں سے نکلنے کا راستہ مہیا کرتا ہے، خداوند عالم اس انسان کو تقویٰ الٰہی کے سبب ایسا نور عطا فرماتا ہے جو تاریکیوں کو ختم کر دیتا ہے جبکہ عالم محشر میں فرشتے اس کی زیارت کیلئے آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں توبہ کے حوالے سے شیطانی وسوسے اور دھوکے کا شکار نہیں ہونا چاہئے، اگر سو بار بھی توبہ توڑی ہو تو دوبارہ خدا کی بارگاہ میں پلٹ آنا چاہئیے۔
خبر کا کوڈ : 400881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
متعلقہ خبر
ہماری پیشکش