0
Friday 25 Jul 2014 21:00

معاشرے میں امن وآشتی کے فروغ میں اولیاء کرام کا کلیدی کردار ہے، عبدالمجید

معاشرے میں امن وآشتی کے فروغ میں اولیاء کرام کا کلیدی کردار ہے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن وآشتی کے فروغ میں اولیاء کرام کا کلیدی کردار ہے۔ قیام پاکستان میں برصغیر کے اولیاء کرام کی تعلیمات کے اثرات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔ کشمیر کی دھرتی اولیاء کی دھرتی ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان جیسی عظیم نعمت سے نوازا حکومت اولیاء کی تعلیمات کو عام کرکے عام آدمی کو مذہب سے جوڑے رکھنے کی کوششیں جاری رکھے گی وہ گذشتہ روز بابا لعل بادشاہ کے مزار کی توسیع منصوبے کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ 

وزیراعظم نے کہاکہ جموں و کشمیر کی دھرتی پر اسلام کی آمد اولیاء کرام کی بدولت ہوئی کشمیر کی ثقافت پر اب بھی صوفی ازم کے واضع اثرات ہیں۔ انھوں نے کہاکہ معاشرے کے اندر امن وآشتی کے فروغ اور انتہاپسندی کے خاتمہ میں صوفی ازم ہی بہترین ہتھیار ہے جس کی تعلیمات کا محورومرکز صرف اور صرف محبت کا پیغام ہے۔ برداشت ،صبر، رواداری اور خدمت خلق سے پیار ہی صوفی ازم ہے اور ہماری خوش قسمتی ہے ہمیں بابا لعل بادشاہ جیسی روحانی ہستیوں جیسی نعمتیں ملیں۔ 

چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ حکومت اپنے روحانی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے ہرممکن وسائل فراہم کرے گی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر عظیم روحانی پیشواء پیرسید لعل بادشاہ آف منگلا کے مزار کی تعمیروتوسیع منصوبے کو ایک کروڑ 7 لاکھ 58 ہزار روپے میں مکمل کیا جائے گا جس میں مزار کی تعمیر، لنگرخانہ، کیچن، باتھ روم اور مزار کے احاطہ کو کشادہ کرنا شامل ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے محکمہ تعمیرات عامہ بلڈنگ ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ مزار شریف حضرت بابالعل بادشاہ کی تعمیر خوبصورت بنائیں اور اولیای اللہ کی شان کے مطابق تمام لوازمات پورے کیے جائیں تاکہ مزارشریف پر آنے والے زائرین کو کسی قسم کی دقت کاسامنا نہ کرناپڑے۔ وزیراعظم نے دربارشریف کے متولی پیرسید آغا لعل بادشاہ جان سے بھی مزار کی توسیع کے سلسلہ میں تجاویز لیں جن پر عملدرآمد بنانے کی محکمہ کو ہدایات دیں۔
خبر کا کوڈ : 401480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش