0
Sunday 28 Sep 2014 10:20

نواز شریف کا جنرل اسمبلی سے دلیرانہ خطاب قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے، عبدالمجید

نواز شریف کا جنرل اسمبلی سے دلیرانہ خطاب قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے دلیرانہ خطاب کو قوم کے جذبات اور امںگوں کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت سے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو نئی جہت ملی ہے۔ وزیراعظم کے خطاب کے بعد بھارت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنے کی عالمی سازش بری طرح فلاپ ہو گئی ہے۔ اب کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت لینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ وہ گذشتہ روز یہاں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جب سے نئے بھارتی وزیراعظم حکومت میں آئے ہیں وہ مسئلہ کشمیر کے متعلق زمینی حقائق کو تبدیل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نریندر مودی کبھی کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیتے ہیں تو کبھی بھارتی آئین میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کی بات کرتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور قانون تقسیم ہند کے مطابق ایک حل طلب مسئلہ ہے جس کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق رائے شماری کے ذریعے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ 67 سالوں سے کشمیری اپنا حق خودارادیت استعمال کرنے کے منتظر ہیں۔

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کو اپنا وکیل مقرر کر رکھا ہے اور کشمیریوں کو اپنے وکیل پر پورا اعتماد اور بھروسہ ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنا دور رس نتائج کا حامل ہو گا اور اس سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف جاری جدوجہد میں نئی جان آئے گی اور آزادی کی منزل قریب تر ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 412022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش