0
Saturday 26 Jul 2014 00:21

علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل کی ملک بھر میں یوم القدس ریلیاں، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل کی ملک بھر میں یوم القدس ریلیاں، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل کے سینیئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر وفاقی دارالحکومت، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام شہروں، قصبوں، دیہاتوں اور ٹاؤنز میں یوم القدس کی ریلیاں، مظاہرے، سیمینارز اور مذاکروں کا انعقاد کیا گیا، اسرائیل نے ماہ مقدس کا بھی پاس نہ رکھا اور ظلم کی انتہاء کر دی، فلسطینیوں کی آئینی، جمہوری اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں بھی امن و امان کی صورتحال ابتر، اتحاد کی طاقت سے ملک کو تمام بحرانوں سے پاک کیا جاسکتا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ہر سال کی طرح امسال بھی جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی مرکزی میلوڈی تا آبپارہ چوک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کی۔ اس موقع پر نائب صدر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل ثاقب اکبر، سربراہ تحریک اسلام پاکستان مولانا حیدر علوی، شیعہ علماء کونسل اسلام آباد کے صدر ملک تنویر حیدر، راولپنڈی کے صدر مولانا غلام قاسم جعفری، مولانا فرحت عباس جوادی، سید محمد علی واسطی، مولانا نذر عباس شیرازی، مولانا سید عقیل کاظمی، تطہیر عالم رضوی، سکندر عباس گیلانی، زاہد اخونزادہ اور سید محمود نقوی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ فلسطین و کشمیر بین الاقوامی دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل تھے ابھی وہ بھی حل نہ ہوپائے کہ استعمار نے شام، افغانستان، عراق، بحرین اور برما میں ایک سازش کے تحت آگ بھڑکانہ شروع کردی، جس طرح شام و عراق میں مقدسات کو نشانہ بنایا گیا اور بے حرمتی کی گئی یہ اتحاد بین المسلمین پر حملہ ہے اور امہ کو پارہ پارہ کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اسلامی دنیا کو سوچنا ہوگا کہ آخر کون سی کالی بھیڑیں مسلمانوں میں موجود ہیں جو استعمار کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس تمام مظلوموں سے حمایت کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں اسرائیلی ظلم و بربریت کی انتہاء ہوچکی مگر افسوس اقوام متحدہ نے پہلے کی طرح اب بھی دوغلے پن کا مظاہرہ کیا، افسوس او آئی سی بھی خاموش تماشائی بنی رہی اور مسلم ممالک کی اکثریت نے بھی ہونٹ سی لئے ہیں جو کہ مقام افسوس و باعث تشویش ہے، ہم علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر قبلہ اول کی آزادی، فلسطینی مظلوموں کی آئینی، جمہوری اور اخلاقی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مہذب دنیا کے منہ پر ناپاک دھبہ ہے جسے مٹ جانا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی اندرونی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ پا کستان میں کوئی فرقہ واریت نہیں، چند گروہوں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قتل عام کا سلسلہ جاری ہے مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ ریلی کے اختتام پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قراردادیں بھی منظور جبکہ اسرائیلی پرچم نذر آتش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 401512
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش