0
Thursday 23 Oct 2014 23:30
سانحہ کوئٹہ میں امریکی و صیہونی ایجنٹ ملوث ہیں

ملک اور اسلام دشمن دہشتگرد گروہوں کیخلاف بھی فوجی آپریشن کو وسیع کیا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری

ملت جعفریہ کا قتل عام نہ رکا اور دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہونگے
ملک اور اسلام دشمن دہشتگرد گروہوں کیخلاف بھی فوجی آپریشن کو وسیع کیا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں مسافر بس پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد کی شہادت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے اس سانحہ کو عالمی استعماری قوتوں امریکہ، اسرائیل سمیت بھارتی بدنام زمانہ را کے ایجنٹوں کی کارروائی قرار دیتے ہوئے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ میں ملک دشمن قوتیں ملوث ہیں، کوئٹہ بس پر فائرنگ کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انھوں نے افواج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وزیرستان میں جاری ضرب عضب آپریشن کی طرح ملک کے دیگر شہروں بالخصوص کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں موجود خطرناک ملک اور اسلام دشمن دہشت گرد گروہوں کے خلاف بھی فوجی آپریشن کو وسیع کیا جائے اور پاکستان میں بسنے والوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ 
انھوں نے کہا کہ ملک دشمن دہشت گرد عناصر محرم الحرام کی آمد سے قبل کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے اہم شہروں میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دے کر ملک میں فرقہ واریت اور انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور پاکستان میں عالمی سامراج امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں ملت جعفریہ کے عمائدین کا قتل عام نہ رکا اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 416187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش