0
Tuesday 16 Sep 2014 09:30

کشمیر کے لالہ زاروں کے اندر آزادی کی جنگ لڑی جا رہی ہے، چوہدری عبدالمجید

کشمیر کے لالہ زاروں کے اندر آزادی کی جنگ لڑی جا رہی ہے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے برسرپیکار حریت پسند اور حریت قیادت منزل مقصود حاصل کر کے رہے گی کشمیر کے لالہ زاروں کے اندر آزادی و پاکستان کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ عالمی سطح پر کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کے باعث مسئلہ کشمیر فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ جمہوریت و آزادی پسند اقوام کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کر رہی ہیں، اقوام متحدہ کا چارٹر جدوجہد کرنے والی اقوام کے حق کو تسلیم کرتا ہے، بھارت اقوام متحدہ کی چارٹر کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ حالیہ بارشوں سے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی وسیع پیمانے پر نقصان ہوا مگر بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مصیبت کی اس گھڑی سے نکالنے میں اس لیے کردار ادا نہیں کر رہی کہ کشمیری مصیبت میں مبتلا رہیں اور آزادی کی جدوجہد سے ہٹ جائیں مگر مقبوضہ کشمیر کے نڈر اور غیور عوام مصیبتوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں وہ سیلاب کی مصیبتوں سے بھی نکلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ کوٹلی کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم پاکستان کا انتہائی مشکور ہوں کہ وہ آزاد کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورے کر رہے ہیں۔ پی پی قیادت اور سندھ حکومت کے بھی مشکور ہیں کہ جنہوں نے آزاد کشمیر حکومت کی بھرپور مدد کی تاکہ سیلاب زدگان کو مصیبت کی گھڑی سے نکالا جا سکے، پاکستان میں احتجاج کی سیاست کرنے والے مٹھی بھر عناصر سیاست کو چند ہفتوں کے لیے موخر کر کے مصیبت زدہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان جہان دیگر مشکلات اور مصائب کا شکار ہے وہاں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور ساری قوم متحد ہو کر لڑ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے باعث ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ایسے حالات میں قومی یکجہتی و ہم آہنگی کی ضرورت ہے تاکہ قدرتی اور زمینی مصائب سے نجات حاصل کی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ پی پی پی کی آزاد کشمیر حکومت وادی بھر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی عوام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، ریلیف، بحالی اور آبادکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں اور میری ٹیم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک لوگوں کے نقصانات کا ازالہ نہ کرلیں۔
خبر کا کوڈ : 409924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش