1
1
Wednesday 27 Mar 2024 15:31

ہمارا سب سے بڑا قومی مسئلہ

ہمارا سب سے بڑا قومی مسئلہ
تحریر: نذر حافی

ایچی سن کالج کے پرنسپل مسٹر مائیکل تھامسن کے  استعفے پر آپ کی نظر ہوگی۔ اسٹاف کے نام انہوں نے اپنے لکھے خط میں کہا ہے کہ بورڈ کی سطح پر جو ہو رہا ہے، وہ آپ سب کو معلوم ہے۔ انتہائی بری گورننس کے تسلسل کی وجہ سے میرے پاس کوئی اور چوائس نہیں۔ ایک وفاقی وزیر کے بچوں کے فیس معافی معاملے پر اختلافات کے بعد یہ سب ہوا ہے۔ آسٹریلوی نژاد مائیکل تھامسن کو آخر حق کیا پہنچتا ہے کہ وہ ہمارے وطن کی گورننس پر بات کریں؟ اگر گورننس ہی دیکھنی ہے تو عوام پر ٹیکس لگانے کی ہماری گورننس دیکھیں۔ اپنے گھر میں اب بور کھود کر پانی نکالنے پر بھی ٹیکس لگ چکا ہے، بجلی کا میٹر آپ اپنا بھی خرید کر لگائیں تو وہ گویا آپ نے کرائے پر لیا ہے، اُس کا بھی ماہانہ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔۔۔ مزید گورننس کسے کہتے ہیں۔؟

ابھی گذشتہ روز ہی 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا نادرا سے چوری ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈیٹا چوری میں ملتان، پشاور اور کراچی کے نادرا دفاتر ملوث پائے گئے۔ یہ چوری شُدہ ڈیٹا ملتان سے پشاور اور پھر دبئی گیا، نادرا ڈیٹا کے ارجنٹائن اور رومانیہ میں فروخت ہونے کے شواہد بھی ملے۔ اب ایسے کاروبار ہماری بیوروکریسی اور اشرافیہ تھوڑے کرتی ہے۔ ان چیزوں کا گورننس سے آخر کیا تعلق ہے۔؟ گذشتہ کئی سالوں سے تفتان بارڈر کے حوالے سے عوام کو یہ پریشانی ہے کہ بارڈر پر ہمارا ڈیٹا جمع کرنے والے سرکاری کارندوں کا لوگوں کے ساتھ برتاو اور ڈیٹا جمع آوری کا طریقہ کار انتہائی ناقص ہے۔ عوامی شکایات پر کسی نے توجہ نہیں دی اور نہ ہی دی جانی چاہیئے۔ ڈیٹا چوری ہونے کا خدشہ ظاہر کرنے والوں کو یہ بھی تو دیکھنا چاہیئے کہ آج ہی ایران میں اغواء ہونے والے تین پاکستانیوں کو ہم نے بیس، بیس لاکھ روپے دے کر بازیاب کرایا ہے۔ کیا یہ گڈ گورننس نہیں۔؟

لوگ اللہ کا شکر ادا کریں کہ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ اگر ہمارے سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد اور شرح خواندگی نیجریا سے بھی کم ہے؟ آخر نائیجریا والے بھی تو انسان ہیں۔ عوام کو فخر کرنا چاہیئے کہ نسل در نسل اُن کے بچوں کو کیسی یکساں تعلیم  فراہم کی جا رہی ہے۔ بے شک ہمارے ہاں حکومتیں بدلتیں رہیں، لیکن عوام کے بچوں کیلئے تعلیم کا معیار یکساں ہی رہا۔ گذشتہ ستتر سالوں سے ہم عوام کے بچوں کو جو تعلیم دے رہے ہیں، کیا ایسی یکساں تعلیم بغیر گڈگورننس کے ممکن ہے۔؟ اطلاعات ہیں کہ گذشتہ روز ایک مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جاتے ہوئے بشّام کے مقام پر دہشت گردی کا نشانہ بن گئی۔

ایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں مرنے والوں میں پانچ چینی شہری اور ان کا ڈرائیور شامل ہے۔ اب پھر کہیں گڈگورننس کا ایشو نہ بنا دیا جائے۔ یہ خودکش کوئی آسمان سے نہیں آتے۔ ہمارے قیمتی ایسٹس پر بات کرنے والوں کو پتہ ہونا چاہیئے کہ دھماکے کے فوراً بعد سارے علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا، بغیر کسی تاخیر کے مرنے والے تمام افراد کی لاشوں کو فوراً اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس کے بعد چینی انجینئرز سے اظہارِ یکجہتی کیلئے صدرِ مملکت سمیت اعلیٰ شخصیات نے مذمتی بیانات جاری کئے، چیئرمین واپڈا نے داسو پراجیکٹ کا دورہ کیا۔

آج چینی باشندوں کی حفاظت کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت وفاقی وزراء، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام، سکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان شریک ہوئے ہیں۔ اتنے اہم اجلاس میں مسلسل پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ کیا یہ سب گُڈ گورننس نہیں۔؟ پتہ نہیں کہ لوگوں کو یہ بات کیوں سمجھ نہیں آرہی کہ ہمارا اس وقت مسئلہ گڈ گورننس نہیں بلکہ ہمارا سب سے بڑا اور قومی مسئلہ چودھری پرویز الہیٰ صاحب کی ناساز طبیعت ہے اور ساتھ ہی محترمہ مریم نواز صاحبہ کے تھانوں اور سکولوں کی دورہ جات ہیں۔۔۔ باقی سب فضولیات ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1125233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Japan
میرے خیال سے الباکستان کے اطمینان کی خاطر شیعہ یہ مطالبہ کریں کہ جناح (رح) و اقبال (رح) کے مزارات پر سعودی عربی شرطے رکھیں وہ عربی میں بتائیں کہ یہاں آنا فاتحہ پڑھنا بدعت ہے شرک ہے اور مترجم رکھیں مھاجر مکی لال داڑھی کو اور منظور مینگل کو. تاکہ سعودی عرب کے اصلی اسلامی طریقے سے مزار قائد و مزار اقبال بھی منور ہوں. باقی سیکولر پاکستان بائیں بازو کامریڈ ہاکستانیوں کے لیے مقابلہ حسن کی سعودی کانٹیسٹنٹ سعودی پرچم کے ساتھ اپنے مقابلہ حسن والے لباس میں کنسرٹ کرتی پھرے کبھی لاہور کبھی کراچی. تو ٹھرکی سارے جدید سعودی عرب کی عظمت پر باقاعدہ ایمان لاسکیں. اور رہ گئے رائے ونڈ اجتماع, دارالعلوم و دیگر جامعہ و مدارس و مساجد, وہاں راکھی ساونت سعودی بادشاہت و شاہزادوں کی اسلام دوستی فضائل و مناقب بیان کریں. جب مکہ خانہ کعبہ میں اجازت ہے تو دنیا کی کونسی اس سے بڑی مقدس جگہ بچی.!!! باقی ایرانی باحجاب خواتین اور انکی چادر تو رافضی مجوسی ثقافت ہے, اس کی پاکستان کو ضرورت ہی کیا ہے. سعودی اسلام کی یہ شکلیں لائیں پاکستان.
ہماری پیشکش