0
Saturday 21 Feb 2015 10:24

سندھ کے حساس ضلع شکارپور میں دہشتگردوں کا عالمی یونٹ بنانے کی سازش ناکام

سندھ کے حساس ضلع شکارپور میں دہشتگردوں کا عالمی یونٹ بنانے کی سازش ناکام
رپورٹ: ایس زیڈ ایچ جعفری

اندرون سندھ رینجرز نے آپریشن کرتے ہوئے شکارپور کو دہشتگردوں کا عالمی یونٹ بنانے کی سازش ناکام بنا دی، اکتوبر 2014ء سے شہباز رینجرز نے 40 بڑے آپریشنز کئے، جن کے دوران مجموعی طور پر 58 دہشتگرد و جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے، آپریشنز کے دوران 181 خطرناک ہتھیار بھی برآمد کئے گئے، جبکہ رینجرز نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کے کمانڈر کرنل عبدالغفار نے جمعہ کو شہباز رینجرز ہیڈ کوارٹر سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز رینجرز 60 ونگ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر جمعرات کی شب میرپور ماتھیلو کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ پر چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دی ہے، گرفتار دہشتگردوں نے کراچی سے دبئی فرار ہونا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ رینجرز نے کامیاب کارروائیوں کے دوران ایک ایسے خطرناک دہشتگرد کو بھی گرفتار کیا ہے، جو شکارپور میں ایک بین الاقوامی دہشت گردی کا یونٹ کھولنے کی تیاری کر رہا تھا، پکڑے گئے دہشت گرد سے تفتیش جاری ہے۔

سندھ رینجرز کے کمانڈر کرنل عبدالغفار نے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں جاری کامیاب آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور دہشت گردوں کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان کے 2 اہم دہشتگردوں کو گرفتار کرکے فرار کی ایک ایسی ہی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔ کرنل عبدالغفار نے مزید بتایا کہ شہباز رینجرز نے مذہبی منافرت، فرقہ ورانہ دہشتگردی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے منسلک دہشتگرد عناصر کے خلاف بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، اس ضمن میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ضلع شکارپور، گھوٹکی، میرپور ماتھیلو، خیرپور سمیت کئی علاقوں میں چھاپے مارے گئے ہیں، اور چھاپوں کے دوران کئی فرقہ پرست اور دہشتگرد عناصر کو گرفتار اور جہادی لٹریچر برآمد کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل عبدالغفار نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی نے سب کو غیر محفوظ بنا رکھا ہے، اور شرپسند پوری قوم کو یرغمال بنانے کی ناپاک سازش میں مصروف عمل ہیں۔ پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی میں حالیہ آپریشنز میں دہشت گردوں کا نہ صرف قلع قمع کیا ہے بلکہ ان کی کمر توڑ دی ہے، جس کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے، کراچی کے ساتھ اندرون سندھ میں بھی آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے اندرون سندھ میں جاری آپریشن کو مزید تیز اور وسیع کرنے کے احکامات بھی جاری ہوئے ہیں، شہباز رینجرز نے بالائی سندھ اور بلوچستان سے ملحقہ علاقوں میں بیشتر کاروائیاں کی ہیں، ان کارروائیوں کے دوران بہت سے اہم کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔

کرنل عبدالغفار نے بتایا کہ اکتوبر 2014ء سے شہباز رینجرز نے 40 بڑے آپریشنز کئے، جن کے دوران مجموعی طور پر 58 دہشتگرد اور جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے، ان میں 19 ہائی پروفائل کریمنل شامل ہیں، جن میں بدنام زمانہ ڈاکو، کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے دہشتگرد اور اغواء کار شامل ہیں، مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو بھی ہلاک ہوئے ہیں اور ایک مغوی کو برآمد کیا گیا، ان کاروائیوں کے دوران 181 سے زائد خطرناک ہتھیار بھی برآمد کئے گئے ہیں، جن میں راکٹ لانچرز، رائفلز جی تھری، کلاشنکوف، شارٹ گنز، رپیٹر، پسٹل اور دیگر مختلف اقسام کے ہتھیار شامل ہیں، علاوہ ازیں بھاری مقدار میں ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے، جن میں مختلف اقسام کی گولیاں، راکٹ لانچر کے گولے اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

شہباز رینجرز کی جانب سے ان پکڑے گئے ڈاکوؤں میں کچھ ایسے بدنام زمانہ ڈاکو بھی شامل ہیں، جن پر حکومت سندھ کی جانب سے انعام مقرر کیا گیا تھا، جن میں دیول خان قمبرای ولد غوث بخش گڑھی یاسین شکارپور (مقررہ انعام 25 لاکھ روپے)، رحیم داد ولد دھنی بخش عرف بخش کندھ کوٹ (مقررہ انعام 20 لاکھ روپے)، تاج محمد عرف تاجو ولد بلند علی عرف بلاول، کندھ کوٹ (مقررہ انعام 7 لاکھ روپے)، انور علی بروہی ولد عبدالرحمن بروہی گڑھی یاسین شکارپور (مقررہ انعام 3 لاکھ روپے)، رانجھن ولد بلند علی کندھ کوٹ (مقررہ انعام 5 لاکھ روپے) شامل ہیں۔ کرنل عبدالغفار نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کی بحالی اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپنا تعاون بڑھائیں۔ اس موقع پر رینجرز کی جانب سے پکڑے جانے والے بھاری اسلحہ کو بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو دکھایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 441859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش