0
Saturday 27 Jun 2015 19:30

رمضان المبارک ماہ خیر و برکت

رمضان المبارک ماہ خیر و برکت
تحریر: ردا زینب

پیغمبر اکرم (ص) نے فرمایا
’’رمضان کا خاص خیال رکھو، کیونکہ یہ ﷲ تعالٰی کا مہینہ ہے جو بڑی برکت والا اور بلند شان والا ہے۔ اس نے تمہارے لئے گیارہ ماہ چھوڑ دیئے ہیں، جن میں تم کھاتے ہو اور پیتے ہو اور ہر قسم کی لذات حاصل کرتے ہو، مگر اس نے اپنے لئے ایک مہینے کو خاص کرلیا ہے۔‘‘ (مجمع الزوائد)
روزہ ملائکہ کی دعاؤں اور استغفار کا ذریعہ ہے
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتؐ نے فرمایا:
’’جب کوئی رمضان کے پہلے دن روزہ رکھتا ہے تو اس کے پہلے سب گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔ اسی طرح ہر روز ماہ رمضان میں ہوتا ہے اور ہر روز اس کے لئے ستّر ہزار فرشتے اس کی بخشش کی دعائیں صبح کی نماز سے لے کر ان کے پردوں میں چھپنے تک کرتے ہیں۔‘‘ (کنزالعمال۔ کتاب الصوم)
ایک اور مقام پر آپ ؐ نے فرمایا کہ:
’’فرشتے روزہ دار کے لئے دن رات استغفار کرتے ہیں۔‘‘ (مجمع الزوائد)

روزہ گناہوں سے پاکیزگی کا بہترین ذریعہ ہے

حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ؐ نے فرمایا:
’’جو شخص رمضان کے مہینے میں حالت ایمان میں ثواب اور اخلاص سے عبادت کرتا ہے, وہ اپنے گناہوں سے اس طرح پاک ہوجاتا ہے جیسے اس کی ماں نے ابھی  اسے جنا ہو۔‘‘(نسائی، کتاب الصوم)
پیغمبر اسلام (ص) نے نیز فرمایا:
’’یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کی جزا جنت ہے۔‘‘

اسی طرح آپ ؐفرماتے ہیں:
"رمضان المبارک کی پہلی رات کو ﷲ تعالٰی نے جنت کو حکم دیا کہ میرے بندے کے لئے تیار ہوجا اور خوب بن سنور جا۔ ممکن ہے جو دنیا سے تھک گیا ہو، وہ میرے گھر اور میرے پاس آنا چاہے۔‘‘ (مجمع الزوائد)

حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ آپ نے فرمایا:
’’جو بندہ خدا کی راہ میں ایک دن روزہ رکھتا ہے، ﷲ تعالٰی اس کے چہرے سے آگ کو دور کر دیتا ہے۔‘‘ (صحیح مسلم و ابن ماجہ)
ایک اور روایت میں ہے کہ
"ﷲ کی خاطر ایک دن کا روزہ رکھنے والے سے جہنم سو سال دور کر دی جاتی ہے۔"
  (نسائی۔ کتاب الصوم)
اسی طرح آپ نے فرمایا:
’’روزہ آگ سے بچانے کے لئے ایک ڈھال ہے۔‘‘
(ترمذی، ابواب الصوم)
حضرت عبدالرحمٰن ؓبن عوف بیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ؐ نے رمضان المبارک کو عبادت کے لحاظ سے تمام مہینوں سے افضل قرار دیا اور فرمایا:
"جو شخص رمضان کے مہینے میں حالت ایمان میں اور اپنا محاسبہ کرتے ہوئے رات کو اٹھ کر عبادت کرتا ہے، وہ اپنے گناہوں سے اس طرح پاک ہوجاتا ہے جیسے اس روز تھا جب اس کی ماں نے اسے جنا۔"
(سنن نسائی)
حضرت سلمان فارسیؓ بیان کرتے ہیں کہ آنحضرتؐ نے ’’رمضان المبارک‘‘ کے ذکر میں فرمایا:
"یہ ایک ایسا مہینہ ہے جس میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے۔"
خداوند متعال اس بابرکت مہینے میں ہمیں  ماہ مبارک رمضان کی برکات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)
خبر کا کوڈ : 469700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش