0
Friday 5 Feb 2016 20:36

جماعت اسلامی کے زیراہتمام ''یوم یکجہتی کشمیر'' ریلیاں

جماعت اسلامی کے زیراہتمام
رپورٹ: سید محمد ثقلین

جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر اس جذبے اور عزم کے ساتھ منایا گیا کہ جب تک کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی پشتیبانی جاری رکھیں گے اور انہیں کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام دامے، درمے اور سخنے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ حکمران کشمیر کے مسئلہ کو عالمی برادری کے سامنے رکھیں اور آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں کشمیری عوام کا ساتھ دیں۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے ریلیاں، جلسے جلوس اور سیمینار منعقد ہوئے، جن میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین نے وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں عوامی ریلیوں کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مظفرآباد میں بڑی عوامی ریلی کی قیادت کی۔ قبل ازیں کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنائی گئی، ان کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔

لاہور

جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام مسجد شہداء کے سامنے مال روڈ پر بڑی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، سیکرٹری سپریم کورٹ بار اسد منظور بٹ ایڈووکیٹ اور امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد نے کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور پاکستانی حکمرانوں کی بے حسی نے کشمیریوں کو سخت مایوس کیا ہے، بھارت اگر کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے تو اس میں اصل قصور ان عالمی اداروں اور طاقتوں کا ہے، جو مسلمانوں کے ساتھ دوہرا معیار اور معاندانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نااہل حکمرانوں نے کشمیری عوام کی 70 سالہ جدوجہد آزادی کو ضائع کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، حکمرانوں نے ہمیشہ ہندو کے کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہاتھوں کو چومنے کی کوشش کی۔ بھارت کو پسندیدہ ملک اور ہندو کو پسندیدہ قوم قرار دیا اور آلو پیاز کی تجارت اور فنکاروں کے طائفوں کے تبادلے کیلئے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی۔ انہوں نے کہا او آئی سی نے بھی امت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ اسد منظور بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک بھر کی وکلاء برادری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے۔ ہم سپریم کورٹ بار کے پلیٹ فارم سے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو عدلیہ کے ایوانوں میں بلند کریں گے اور دنیا بھر کی انصاف پسند اقوام کو کشمیریوں کی مظلومیت سے آگاہ کریں گے۔

اسلام آباد

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم اور جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی سیکریٹری صاحبزادہ طارق اللہ اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک متنازعہ علاقہ ہے، جس کی حیثیت کا فیصلہ کشمیر کے عوام کے مرضی کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت اپنا حق جتا کر اور آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے اس پر زبردستی قبضہ کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جس کو ہندوستان نے اپنے خونی پنجہ میں جکڑا ہوا ہے، لیکن پاکستان کے بے حس اور ڈرپوک حکمران بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیری عوام کی آزادی کی بات نہیں کر سکا۔

فیصل آباد

جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد اور خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید فیصل آباد چنیوٹ بازار سے نکالی جانے والی عظیم الشان کشمیر یکجہتی ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر میاں مقصود احمد نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہیں اور کسی موقع پر بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر دو جسم ایک جان ہیں جب تک ہمارے جسموں میں خون کا ایک بھی قطرہ موجود ہے، ہم اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، انہوں نے دنیا بھر کی انصاف پسند قوموں سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیاء میں کشمیر کے تنازعہ کی وجہ سے منڈلاتے خطرناک جنگ کے بادلوں کو برسنے سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلائیں۔

ملتان
نائب امیر حافظ محمد ادریس نے ملتان میں عظیم الشان ریلی کی قیادت کی، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کیلئے پاکستانی حکومتوں اور عالمی برادری نے انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، ایک طرف بھارتی فوج کشمیریوں کے گھروں، مسجدوں اور کھیتوں اور کھلیانوں کو نذر آتش کرتی اور معصوم بچوں کو زندہ جلاتی رہی اور دوسری طرف عالمی امن کے ٹھیکیدار آنکھیں بند کئے بیٹھے رہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے لاکھوں کشمیری نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں بدترین تشدد اور اذیت کا نشانہ بنایا لیکن تمام تر مظالم کے باوجود بھارت ان سے جذبہ حریت چھین نہیں سکا۔

گوجرانوالہ

گوجرانوالا میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر بلدیات عنائت اللہ خان اور پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ بلال قدرت بٹ نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیری عوام بھی دنیا کی دیگر قوموں کی طرح ایک آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے تو اللہ تعالٰی کی طرف سے مدد آتی اور ظالموں اور جابروں کو عبرت کا نشانہ بننا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے ایسے ہتھکنڈے آزمائے ہیں جن کو سن کر ہی روح کانپ جاتی ہے، مگر وہ کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے سے روک نہیں سکا اور آزادی کی آواز کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوا ہے۔

مختلف اضلاع

سیالکوٹ
ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری
پشاور
امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان
کوئٹہ
ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انور اور بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبد الحق ہاشمی
حیدرآباد
مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی
سکھر
مرکزی نائب امیر راشد نسیم نے سکھر میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

خواتین

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام چوک گھنٹہ گھر سے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، جس کی قیادت صوبائی ناظمہ محترمہ رفیعہ فاطمہ، ضلعی ناظمہ محترمہ لالہ رُخ، نائب ناظمہ محترمہ ارم امین، محترمہ شازیہ شیر افضل نے کی۔ بینرز اور کلمہ طیبہ والے پرچم ہاتھوں میں اُٹھا رکھے تھے۔ بھارت کیخلاف اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق میں نعرے لگائے۔ قائدین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین اپنی کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہیں، وہ ان کو کسی حال میں تنہا نہیں چھوڑیں گیں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشانہ پالیسیوں اور مسئلہ کشمیر پر اصولی اور قومی موقف سے انحراف نے کشمیر کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچایا۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے نجات کسی صورت قبول نہیں۔ حکمران انڈیا اور مغربی آقائوں کو خوش کرنے کی بجائے اپنے رب کو راضی کریں مظلوم کی مدد کرنا تمام مسلمانوں پر فرض ہے۔ کشمیری مائیں، بہنیں کسی صلاح الدین، طارق بن زیاد یا محمد بن قاسم کی منتظر ہیں، جو آئے اور اُن کو بھارت کے مظالم سے نجات دلائے۔
خبر کا کوڈ : 518372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش