0
Sunday 26 Jun 2016 16:06

تحقیقاتی اداروں کا امجد صابری کے قاتلوں کی شناخت کا دعویٰ، ٹارگٹ کلرز کی بحفاظت گرفتاری کی تیاریاں مکمل

تحقیقاتی اداروں کا امجد صابری کے قاتلوں کی شناخت کا دعویٰ، ٹارگٹ کلرز کی بحفاظت گرفتاری کی تیاریاں مکمل
رپورٹ: ایس جعفری

قوال امجد صابری کے قاتلوں کی شناخت ہوگئی، اہم تحقیقاتی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آوروں کا سراغ مل گیا ہے، جس کے بعد ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا، آئندہ 48 گھنٹے اہم قرار، قاتلوں نے جب امجد صابری پر حملہ کیا، اس وقت ایک غیر سرکاری شخص نے موبائل فون سے وڈیو بھی بنائی، جس میں قاتل کا چہرہ واضح نظر آرہا ہے، سکیورٹی اداروں کو پاک سرزمین پارٹی کی ایک اہم شخصیت نے ملاقات میں آگاہ کیا کہ انہیں اس قتل کی منصوبہ بندی کرنے والوں کا علم ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10 میں ٹارگٹ کلرز کا نشانہ بننے والے عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کے قاتلوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ اہم تحقیقاتی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آوروں کا سراغ مل گیا ہے، جس کے بعد ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور دونوں کی بحفاظت گرفتاری کے لئے تیاری مکمل کر لی گئی ہے، کیونکہ اندیشہ ہے کہ قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے ان کو قتل کرسکتے ہیں۔ دوسری طرف پاک سرزمین پارٹی کی ایک اہم شخصیت نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قاتلوں کے بارے میں معلومات فراہم کر دی ہیں۔

قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔ ذرائع کے مطابق جس وقت دونوں قاتلوں نے امجد صابری پر حملہ کیا، اس وقت ایک غیر سرکاری شخص نے موبائل فون سے وڈیو بھی بنائی، جس میں ایک قاتل کا چہرہ واضح نظر آرہا ہے، جس کی شناخت نادرا کے ریکارڈ سے ہوگئی ہے۔ تفصیلات میں معلوم ہوا ہے کہ دونوں قاتلوں کا تعلق کراچی کے ضلع وسطی سے ہے اور وہ ماہر شوٹر تصور کئے جاتے ہیں۔ ان کی ابتدائی تفصیلات ملنے کے بعد آئی ٹی ماہرین کو اسلام آباد سے طلب کر لیا گیا، جنہوں نے ان دونوں قاتلوں کے زیر استعمال فون کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں، اور اس کے ذریعے دونوں قاتلوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکیورٹی ادارے نے ان دونوں قاتلوں کی بحفاظت گرفتاری کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، کیونکہ خدشہ ہے کہ ان دونوں قاتلوں کو ان کے ساتھی مار کر ایک نیا ہنگامہ کھڑا کرسکتے ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق دونوں قاتلوں کی سوشل میڈیا کے ذریعہ کی جانے والی کالز کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔ ان کالز میں قاتلوں کو ان کے سرپرستوں نے جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ، ملائیشیا اور سری لنکا فرار کرانے کی بھی بات کی ہے۔ جس کے بعد ان ملزمان کو فرار سے روکنے کے لئے ایئرپورٹس کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے امجد صابری کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت کی ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ سکیورٹی اداروں کو پاک سرزمین پارٹی کی ایک اہم شخصیت نے ملاقات میں آگاہ کیا کہ انہیں اس قتل کی منصوبہ بندی کرنے والوں کا علم ہے اور اصل قاتلوں کے بارے میں معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں، اور جلد اصل قاتلوں کے نام بھی بتا دیئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ امجد صابری کو ”را“ نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے راستے سے ہٹایا ہے۔ واضح رہے کہ حساس ادارے امجد صابری قتل کیس میں کالعدم تنظیموں کیساتھ ساتھ ایم کیو ایم کو بھی شامل تفتیش کر چکے ہیں، جبکہ سرجانی ٹاؤن سے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کا ایک شخص پکڑا گیا ہے، جس نے اہم انکشافات کئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 548793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش