0
Friday 26 Apr 2024 21:48

جعلی منڈیٹ کی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے، پی ٹی آئی بلوچستان

جعلی منڈیٹ کی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے، پی ٹی آئی بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور دیگر قائدین کیخلاف جھوٹے مقدمات فوری طور پر ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے۔ جعلی مینڈیٹ والی حکومت کو پی ٹی آئی کسی بھی صورت تسلیم نہیں کریگی۔ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا، پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ یہ بات تحریک انصاف بلوچستان کے قائم مقام صوبائی صدر خورشید کاکڑ و دیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے نکالی گئی ریلی کے شرکاء خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، بشریٰ بی بی کو بے گناہ اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا ہے اور جیلوں میں انکی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران پی ٹی آئی سے اتنے خوفزدہ ہوچکے ہیں کہ انہیں رات کو خواب میں بھی پی ٹی آئی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پاکستان کے عوام نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیابی سے ہمکنار کیا، لیکن رات کی تاریخ میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر شب و خون مار کر من پسند اور پی ٹی آئی کے مخالفین کے امیدواروں کو کامیاب کرایا گیا۔ جس سے عوام کے ووٹوں کی توہین ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام جعلی مینڈیٹ والی حکومتوں کو کسی بھی صورت تسلیم نہیں کرتے ہیں۔ جعلی مینڈٹ لے کر بر سر اقتدار آنے والی حکومت ملک کو موجودہ بحرانوں سے نہیں نکال سکتی۔

انکا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت غریب عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہو گیا ہے۔ آئے روز گیس، بجلی، پٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو اجتماعی خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔ لیکن حکمران سب ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے صرف اور صرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہی نکال سکتے ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنا نااہل اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کا کام نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر قائدین کے خلاف فوری طور پر جھوٹے مقدمات ختم کرکے انہیں باعزت طریقے سے رہا کیا جائے۔ جھوٹے مقدمات سے پی ٹی آئی کی قیادت کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا، بلکہ انکے حوصلے بلند ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1131333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش