1
Wednesday 19 Aug 2020 19:08

امریکی صدر کا خطرناک دعویٰ

امریکی صدر کا خطرناک دعویٰ
تحریر: علی احمدی

اس وقت کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی کووڈ 19 وبا پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔ کرونا وائرس نے جہاں پوری دنیا میں نظام حیات مختل کر ڈالا ہے وہاں امریکہ میں قریب الوقوع صدارتی انتخابات کو بھی بہت بڑے چیلنجز سے روبرو کر دیا ہے۔ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرونا وائرس کے باعث صدارتی انتخابات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں لیکن ملک کے سیاسی حلقوں میں انہیں اس رائے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکہ کے اکثر سیاسی ماہرین کا موقف ہے کہ صدارتی انتخابات قومی عزت اور وقار کی علامت ہیں اور انہیں کسی قیمت پر ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔ اسی تناظر میں امریکہ کے قانونی ماہرین کی جانب سے ڈاک کے ذریعے صدارتی الیکشن منعقد کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 
امریکہ کے قانونی ماہرین اور ذمہ داران نے ڈاک کے ذریعے انتخابات منعقد کروانے کی غرض سے ڈاک کے نظام میں مناسب تبدیلیاں انجام دینے کا جائزہ لینا بھی شروع کر دیا ہے۔ دوسری طرف موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں نے خبردار کیا ہے کہ ڈاک کے ذریعے الیکشن کا انعقاد بڑے پیمانے پر دھاندلی کا باعث بنے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اب تک کئی بار یہ دعوی کر چکے ہیں کہ اگر نومبر 2020ء کے الیکشن میں وہ کامیاب نہ ہوئے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔ دوسرے الفاظ میں انہوں نے ابھی سے آئندہ صدارتی انتخابات کے نتیجے کو مشکوک اور متنازعہ بنا ڈالا ہے۔ وہ اس سے پہلے یہ دھمکی بھی دے چکے ہیں کہ اگر وہ دوبارہ صدر نہ بنے تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔
 
ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ریاست ویسکونسن کے شہر آشکوش میں اپنے انتخابی جلسے سے تقریر کرتے ہوئے کہا ہے: "ہمیں ہر حال میں الیکشن میں کامیاب ہونا ہے۔ ہم دھوکہ نہیں کھا سکتے۔ جائیں اور ووٹ ڈالیں۔ اگر آپ نے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ میں حصہ لیا تو بعد میں یہ یقین بھی حاصل کریں کہ آپ کا ووٹ گنا گیا ہے۔ اس بارے میں یقین حاصل کریں کیونکہ اس الیکشن میں ہمیں شکست دینے کا واحد راستہ انتخابات میں دھاندلی ہے۔ اسے اچھی طرح ذہن میں بٹھا لیں۔ یہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہمیں انتخابات میں شکست دی جا سکتی ہے۔ لہذا پوری طرح ہوشیار رہیں۔" ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ان کے حریف جو بائیڈن کی ممکنہ کامیابی کا نتیجہ ملک میں زوال کی صورت میں ظاہر ہو گا۔
 
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ جو بائیڈن کی کامیابی کے نتیجے میں امریکہ دوسرا وینزوئیلا بن جائے گا، کہا: "جو بائیڈن امریکہ کے خلاف سوشل ازم کا ٹرووا گھوڑا ہے۔ جو بائیڈن کی زیر صدارت ملک میں کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔" انتخاباتی جلسے میں شریک ٹرمپ کے حامیوں نے مل کر آواز لگائی: "چار سال مزید"۔ اس کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ میں چار سال مزید رہوں گا۔ آئندہ صدارتی انتخابات کے بارے میں امریکہ کے کئی تحقیقاتی اداروں نے اپنی سروے رپورٹس شائع کی ہیں جن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی پوزیشن انتہائی کمزور بتائی جاتی ہے۔ سروے رپورٹس جاری کرنے والے اداروں میں این بی سی نیوز اور وال اسٹریٹ جرنل کے نام سرفہرست ہیں۔ ان رپورٹس کی روشنی میں اس وقت جو بائیڈن 9 فیصد فرق کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ سے زیادہ محبوبیت کے حامل ہیں۔
 
وائٹ ہاوس کے چیف سیکرٹری مارک میڈوز نے کچھ دن پہلے سی این این کے صحافی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: "(ڈاک کے ذریعے ووٹنگ انجام پانے کی صورت میں) بڑے پیمانے پر الیکشن میں دھاندلی نہ ہونے کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔" ان کے اس موقف پر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو شدید مخالف رہنماوں نینسی پلوسی اور برنی سینڈرز نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ نینسی پلوسی نے اس بارے میں ایم ایس این بی سی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: "ان کی باتوں پر توجہ نہ دیں۔ ان کا مقصد لوگوں کو ووٹ دینے سے خوفزدہ کرنا ہے۔ وہ جس قدر زیادہ انارکی پیدا کریں گے اتنا زیادہ لوگوں کو اس بات سے خوفزدہ کرنے میں کامیاب ہوں گے کہ انتخابات میں آپ کا ووٹ گنا نہیں جائے گا۔"
 
برنی سینڈرز نے بھی اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: "ڈونلڈ ٹرمپ ہمیں آمریت کی جانب زوال پذیر ہونے کیلئے دھکیل رہا ہے۔ اگر نومبر کے صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹک پارٹی کو شکست ہو گئی تو اس شکست کے نتیجے میں ہونے والے بھاری نقصان کا تصور بھی دشوار ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "یہ الیکشن امریکہ کی جدید تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں۔ ہم اس وقت بے سابقہ بحرانوں کا شکار ہیں جن سے نجات پانے کیلئے بے سابقہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ آج ہمارے اندر ایسے افراد موجود ہیں جو جمہوریت اور شرافت کے حق میں اور لالچ اور آمریت کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار کھڑے ہیں۔" امریکہ کے بعض ماہرین کا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ صدارتی انتخابات میں شکست کی صورت میں دھاندلی کے بہانے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 881272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش