1
Saturday 31 Oct 2020 01:17

سیاسی مقاصد کیلئے وائٹ ہاوس کا جھوٹا دعویٰ

سیاسی مقاصد کیلئے وائٹ ہاوس کا جھوٹا دعویٰ
تحریر: سید رحیم نعمتی
 
"اکتوبر سرپرائز" امریکہ کے سیاسی حلقوں میں ایک رائج اصطلاح ہے جس سے مراد ایسا خبری دھماکہ ہے جو اکتوبر کے آخر میں صدارتی انتخابات کے آستانے پر ہونا ہے اور اس نے الیکشن کے نتائج پر گہرے اثرات مرتب کرنے ہیں۔ اس ہفتے منگل کے روز وائٹ ہاوس میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیانیہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی الیکشن کمپین ٹیم کا بگ سرپرائز ہو سکتا ہے۔ اس بیانیے میں دعوی کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں اور صنعتی مراکز سے صحت کے ماہرین اور محققین کے تعاون سے ایسے فیصلہ کن اقدامات انجام دیے ہیں جن کا حتمی نتیجہ کرونا وائرس کے نتیجے میں پھیلی کووڈ 19 وبا کے خاتمے کی صورت میں ظاہر ہو گا۔
 
وائٹ ہاوس میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے دفتر نے اپنے بیانیے میں یہ دعوی بھی کیا ہے کہ "کووڈ 19 وبا ختم ہو چکی ہے" اور اس وبا کا خاتمہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وہ عظیم کامیابی ہے جو انہوں نے پہلی صدارتی مدت میں سائنس اور ایجادات کی دنیا میں حاصل کی ہے۔ یہ بیانیہ ایسے وقت جاری ہوا ہے جب امریکہ کی جان ہاپکینز یونیورسٹی کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان شدہ اعداد و شمار کے مطابق اسی دن یعنی منگل 27 اکتوبر کے دن 75 ہزار 930 امریکی شہری کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ 19 وبا سے مرنے والے افراد کی تعداد بھی 1500 تھی۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے پھیلاو کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کووڈ 19 وبا کی شدت میں کمی واقع نہیں ہوئی۔
 
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری کردہ اس بیانیے کے خلاف سب سے پہلے صحت کے ماہرین اور محققین نے ہی آواز اٹھائی ہے۔ صحت کے یہ ماہرین اور محققین کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں ڈونلڈ ٹرمپ حکومت سے تعاون کر رہے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ نے ان ماہرین اور محققین کے بیانات شائع کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ماہرین اس بیانیے پر شدید ناراض دکھائی دیتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کووڈ 19 وبا کی شدت نہ صرف کم نہیں ہوئی بلکہ مزید بڑھ گئی ہے۔ ان ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بیانیے میں ظاہر کی گئی صورتحال خوش بینی پر مبنی ہے اور حقیقت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیانیہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں لاپرواہی کو ثابت کرتا ہے۔
 
"ہیل" نامی امریکی نیوز ویب سائٹ نے ایسے اعداد و شمار شائع کئے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ میں کووڈ 19 وبا کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق اب تک امریکہ میں کرونا وائرس سے مرنے والے شہریوں کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ اس مہینے میں کووڈ 19 وبا کا شکار ہونے والے شہریوں کی تعداد 42 ہزار سے زیادہ ہے۔ جبکہ گذشتہ ماہ یہ تعداد صرف 30 ہزار تھی۔ لہذا وائٹ ہاوس نے ایسے وقت کرونا وائرس کے خاتمے کا دعوی کیا ہے اور اسے ٹرمپ حکومت کی بڑی کامیابی شمار کی ہے جب اس وبا کا شکار ہونے والے افراد اور اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری طرف ماہرین اور محققین اس کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کی وارننگ بھی دے رہے ہیں۔
 
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسے حالات میں وائٹ ہاوس نے اس قسم کا بیانیہ کیوں جاری کیا ہے جسے دیکھ کر خود حکومت کے ماہرین صحت بھی تعجب کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کووڈ 19 وبا کے بارے میں لاپرواہی اور بے توجہی کی پالیسی اختیار کرنا بذات خود ایسے بیانیے کا باعث بنی ہے۔ اس کی دوسری وجہ یہ ہے کہ کرونا وائرس نے امریکی عوام کو بہت بری طرح متاثر کیا ہے۔ ایک تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس وقت امریکی ووٹرز کی نظر میں دو ایشو سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ ان میں سے ایک اقتصادی بحران ہے جبکہ دوسرا کووڈ 19 وبا ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ سروے میں شامل 33 فیصد افراد نے اس بات کا اظہار کیا کہ ان کے پاس مزید اخراجات برداشت کرنے کیلئے کوئی رقم موجود نہیں ہے۔
 
اسی طرح 20 فیصد شرکاء نے اعلان کیا کہ وہ گھر کا کرایہ دینے سے معذور ہو چکے ہیں جبکہ 46 فیصد افراد ایسے تھے جو شدید مالی مشکلات کا شکار تھے۔ یہ اعداد و شمار درپیش الیکشن کے تناظر میں ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے سب سے بری خبر ہے۔ امریکی عوام کی اکثریت موجودہ حکومت کو ان مشکلات اور بحرانی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتی ہے۔ لہذا وائٹ ہاوس نے یہ بیانیہ جاری کر کے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے۔ ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے یہ جھوٹا دعوی کر کے درحقیقت عوام کو اکتوبر سرپرائز دینے کی کوشش کی ہے لیکن صحت سے متعلق عوام کی پریشانی اس قدر شدید ہے کہ یہ جھوٹا دعوی عوام کو متعجب نہیں کر سکے گا۔
خبر کا کوڈ : 895032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش