0
Monday 8 Mar 2021 22:30

قرآن بچوں کا دوست ورکشاپ

قرآن بچوں کا دوست ورکشاپ
رپورٹ: سویرا بتول

*ادارہ التنزیل پاکستان* کی جانب سے ایک روزہ ورکشاپ *قرآن بچوں کا دوست* کا انعقاد جامعہ فاطمیہ سینٹر میں کیا گیا۔ ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ الہیٰ اور باجماعت نماز سے کیا گیا۔ ورکشاپ میں بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ میزبانی کے فرائض خواہر تہمینہ اور خواہر نورین نے احسن طریقے سے انجام دیئے، جس میں قرآن کا تعارف اور قرآن میں موجود مختلف انبیاء کے واقعات کو تفصیلاً بیان کیا گیا۔ بچوں کے ذوق و انہماک میں اضافہ کے لیے انبیاء کے واقعات کو تصویری صورت میں بچوں کے سامنے پیش کیا گیا۔ بچوں میں قرآن سے انسیت و محبت کو فروغ دینے کے لیے قرآن کی افادیت کو ایک خوبصورت ٹیبلو کی صورت میں خواہر سویرا اور خواہر خدیجہ نے پیش کیا۔ مختلف قرآنی سورہ کے معانی و مفاہیم خوبصورت ایکٹیوٹی کے ذریعے بچوں کو ازبر کروائے گئے۔ سینیئر خواہران میں خانم تسنیم زہراء، خواہر راحت کاظمی اور خواہر رباب ذیشان نے شرکت کی۔

ورکشاپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خوبصورت تحائف کا اہتمام کیا گیا۔ اختتام پہ کوئز کا انعقاد کیا گیا۔ قرآن بچوں کا دوست ورکشاپ میں خانم ثمن کی جانب سے خصوصی شرکت کی گئی۔ ورکشاپ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں قرآنی معاشرے کی تشکیل میں معلمات قرآنی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ آج کے یہ قرآنی بچے کل کو امامِ وقتؑ کے لشکر کے سرباز بنیں گے۔ اس سے پہلے کہ فاسد ماحول غالب آئے، اپنے بچوں کو قرآن و اہلِ بیتؑ کے سائے میں لائیں۔ ورکشاپ کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ ؑ سے کیا گیا۔
اے کاروانِ ہدایت نہ بھولنا
منزل کے دو نشاں ہیں قرآن و اہلِ بیتؑ
دونوں ہیں کائنات میں توحید کے نقیب
خالق کے ترجمان ہیں قرآن و اہلِ بیتؑ

خبر کا کوڈ : 920416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش