0
Saturday 22 May 2021 23:44

خیبر پختونخوا، اسرائیلی بربریت کیخلاف شہر شہر ریلیاں

خیبر پختونخوا، اسرائیلی بربریت کیخلاف شہر شہر ریلیاں
رپورٹ: سید عدیل زیدی

اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، معصوم بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی شہادتوں اور مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کئے جانے کے خلاف گذشتہ روز مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں نے ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا کے طول و عرض میں احتجاجی ریلیاں اور جلوس نکالے، صوبہ کے لگ بھگ تمام اضلاع میں عوام نے صیہونی ناجائز ریاست کیخلاف اپنے بھرپور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی بہن، بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی جھنڈوں کو نذر آتش کیا، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، پاکستان تحریک انصاف، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پاکستان عوامی تحریک سمیت دیگر جماعتوں نے مظاہروں اور ریلیوں کا اہتمام کیا۔ صوبہ میں ہونے والے احتجاجات کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں۔ 

پشاور:
صوبائی دارالحکومت پشاور میں پریس کلب کے سامنے جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی مطاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان، ضلعی امیر عتیق الرحمان اور جے آئی یوتھ پشاور کے صدر حسن بشیر نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، جن پر اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین اسرائیل مردہ باد، اسرائیل دہشتگرد ہے کے نعرے لگارہے تھے۔ علاوہ ازیں پشاور میں جامعہ الشہید عارف الحسینی کے زیر اہتمام بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شیعہ، سنی عوام اور علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی نماز جمعہ کے بعد جامعہ الشہید عارف الحسینی سے برآمد ہو کر مین جی ٹی روڈ پر پہنچی، جہاں ریلی کے شرکاء نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ ریلی میں سابق سینیٹر علامہ سید جواد ہادی نے بھی شرکت کی۔ علامہ عابد حسین شاکری، مولانا محمد شعیب اور دیگر نے خطاب کیا، اس ریلی میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔

ڈیرہ اسماعیل خان:
غاصب صہیونی افواج کی نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مسجد لاٹو فقیر کی انتظامیہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء سید اسد علی زیدی اور ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا سید غضنفر نقوی نے کی، علاوہ ازیں شیعہ علماء کونسل اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے علامہ رمضان توقیر کی قیادت میں نماز جمعہ کے بعد کوٹلی امام حسینؑ سے بنوں روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔

نوشہرہ:
نوشہرہ میں دو مقامات، شوبرہ چوک اور جہانگیرہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔ شوبرہ چوک میں ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی امیر رافت اللہ خان اور نائب امیر عنایت الرحمان کر رہے تھے جبکہ جہانگیرہ میں سلمان فاروق نے ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے اسرائیل کیخلاف اپنی بھرپور نفرت کا اظہار کیا۔

ہری پور:
ہزارہ ڈویژن کے ضلع ہری پور میں بھی مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام اسرائیل کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، ہری پور میں نکالی گئی ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سربراہ علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ وحید کاظمی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے عوام کا مؤقف قانونی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، بیت المقدس کے تقدس کی پامالی اور تسلط ناقابل قبول ہے، عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، سلامتی کونسل کی تشکیل نو اور ویٹو پاور کے غیر جمہوری اختیار پر نظرثانی ہونی چاہیے۔

صوابی:
ضلع صوابی میں جماعت اسلامی کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا، جس کی قیادت ضلعی امیر میاں افتخار باچہ، سیکرٹری جنرل واجد علی شاہ، نائب امیر سعید زادہ یوسفزئی اور جے آئی یوتھ کے صدر عماد الدین نے کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اسلامی ممالک کے سربراہان کی فلسطینیوں پر جاری مظالم پر خاموشی کی مذمت کی۔ انہوں نے عوام سے فلسطینی عوام کے لئے دل کھول کر عطیات جمع کرنے کی اپیل کی۔

ہنگو:
غاصب صہیونی افواج کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف ہنگو میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شیعہ، سنی عوام نے مشترکہ طور پر شرکت کی، ریلی کی قیادت جمعیت علمائے اسلام، پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل کے رہنماوں نے کی۔

مردان:
فلسطین میں اسرائیلی مظالم کیخلاف مردان میں کچہری چوک سے پاکستان چوک تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی امیر غلام رسول اور سابق امیر ضلع مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کی۔ ریلی میں عوام کے جم غفیر نے اسرائیل سے فلسطین میں جاری مظالم بند کرنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کی اپیل کی۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے حمایتی ممالک کے خلاف شدید نعر بازی کی۔

پاراچنار:
خیبر پختونخوا میں اسرائیل مخالف سب سے بڑی ریلی پاراچنار میں نکالی گئی، بعد ازنماز جمعہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں علامہ فدا حسین مظاہری کی سرپرستی میں مرکزی امام بارگاہ سے ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ جس مین ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی میں علاقے کی تمام مذہبی اور سیاسی تنظیموں اور انکے رہنماؤں کے علاوہ تحریک حسینی کے سرپرست اعلیٰ علامہ سید عابد حسین الحسنی نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی نے شہید چوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر لی۔ جس سے علامہ اخلاق حسین شریعتی، علامہ باقر علی حیدری، علامہ الطاف حسین ابراہیمی، حاجی سردار حسین اور تحریک حسینی کے سربراہ علامہ سید عابد حسین الحسینی نے خطاب کیا۔ علماء نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینیوں سے ہر طرح کے تعاون اور ان کی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کی بے حسی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

ملاکنڈ:
اسرائیلی بربریت کیخلاف ملاکنڈ میں تین مقامات درگئی، سخاکوٹ اور بٹخیلہ میں ریلیاں نکالی گئیں۔ درگئی میں ضلعی امیر جماعت اسلامی مولانا جمال الدین کی قیادت میں فری فلسطین ریلی نکالی گئی۔ اسی طرح سوات میں دو مقامات مدین اور کالام میں احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے۔ کالام کے مٹلتان بازار میں مظاہرے کی قیادت جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلیٰ حافظ شمشیر شاہد نے کی۔

بونیر:
فلسطینی مسلمانوں اور قبلہ اول کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بونیر پیر بابا میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں اسرائیل مخالف نعرے لگائے گئے اور اسرائیلی مظالم کی بندش کا مطالبہ کیا گیا۔

کوہاٹ:
اسرائیلی بربریت اور فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف کوہاٹ میں بھی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کوہاٹ کے پشاور چوک سے کچہری چوک تک جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ضلعی امیر محمد عابد خان و دیگر نے کی۔ اس کے علاوہ کچہ پکہ میں جمعیت علمائے اسلام، تحریک انصاف، شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں علامہ حمید حسین امامی چئیرمین علماء و مشائخ قومی امن کمیٹی بین المذاہب ہم آہنگی خیبر پختونخوا، علامہ سید عبدالحسین الحسینی، اہلسنت عالم دین علامہ مرجان اور دیگر علماء کرام، مشران قوم اور جوانان کثیر تعداد میں شریک تھے۔

چترال:
لوئر چترال میں بھی ضلعی امیر جماعت اسلامی اخونزادہ رحمت اللہ اور دیگر قائدین کی قیادت میں اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

شانگلہ:
اسرائیل کیخلاف شانگلہ میں بھی القدس آزادی ریلی نکالی گئی۔ دیر لوئر میں تین مقامات تیمر گرہ، تحصیل ثمر باغ اور ادینزئے میں اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

باجوڑ:
قبائلی ضلع باجوڑ میں بھی جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ضلعی امیر حاجی سردار خان اور قاری عبدالمجید نے احتجاجی ریلی کی قیادت کی، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا۔

کرک:
کرک میں جماعت اسلامی نے ریلی نکالی۔ کرک کے امیر محمد ظہور خٹک نے اپنے خطاب میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور او آئی سی کی قرارداد کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غیر موثر قرار دیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے فلسطین کے مسئلے کے حل کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

بنوں:
بنوں میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنان نے اسرائیل کیخلاف ریلی نکالی، ضلعی امیر پروفیسر اجمل خان اور ڈاکٹر ناصر خان کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

لکی مروت:
لکی مروت کے علاقے سرائے گمبیلا میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنماء عبدالصمد خان نے کی۔ مقررین نے مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق پر زور دیا اور کہا کہ متحد ہوکر ہی اسرائیل، امریکہ اور اس کے حواریوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔

خیبر:
لنڈی کوتل بازار میں جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ضلعی امیر ضیاء الحق آفریدی اور محمد حسن شینواری کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں اعلان کیا گیا کہ 30 مئی کو پشاور میں ہونے والے لبیک القدس ملین مارچ میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 933955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش