0
Friday 23 Sep 2011 00:44

دفاع وطن کیلئے آئی ایس او کے جوان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اہل تشیع کی قتل و غارت بند کی جائے، رحمن شاہ

دفاع وطن کیلئے آئی ایس او کے جوان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اہل تشیع کی قتل و غارت بند کی جائے، رحمن شاہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید رحمن شاہ کا کہنا ہے کہ آئی ایس او نے ہر سال کی طرح امسال بھی ’’ارتقائے تنظیم و دفاع وطن کنونشن ‘‘منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں 23 ستمبر سے شروع ہو گا اور 25 ستمبر تک اس کی تقریبات جاری رہیں گی۔
سید حسن کاظمی، افسر رضا خان اور علی فیاض کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ ارض پاک کی سربلندی اور سالمیت کی بات کی ہے اور ہمارا 39سالہ درخشاں ماضی اس بات کا ثبوت ہے، انہوں نے کہا گزشتہ برس کو ارتقائے تنظیم کے طور پر منایا گیا اور ملک بھر میں 300 سے زائد نئے یونٹس قائم کئے گئے، انہوں نے کہا کہ طلبہ تنظیم ہونے کے باوجود گزشتہ سال 45 لاکھ روپے سے زائد کے وظائف مستحق طلبہ کو دیئے گئے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ توسیع تنظیم کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ 
مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ مرکزی کنونشن کو ارتقائے تنظیم اور دفاع وطن کے نام سے منانے کا مقصد طلبہ کو الٰہی تنظیم سے مربوط کرنا اور وطن عزیز کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاک سرزمین کے دفاع کیلئے امامیہ طلبہ کو لائحہ عمل دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کنونشن کا اہم ترین ایونٹ ’’دفاع وطن کانفرنس‘‘ ہو گی جس میں تمام مکاتب فکر کے زعمائے کو دعوت دی گئی ہے اور خصوصی طور پر رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے خصوصی نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا مجتبٰی اسدی خطاب کریں گے۔
رحمن شاہ نے کہا کہ اگر ہم ایک نقطے پر متحد نہ ہوئے تو شیطان بزرگ امریکہ ہمیں مزید کمزور کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کے ڈانڈے امریکہ سے جا ملتے ہیں امریکہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے بلوچستان اور کراچی میں شیطانی کھیل کھیل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم مستونگ میں شیعہ زائرین کی بس پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمیں تحفظ نہیں دے سکتی تو کھل کر اپنی اس ناکامی کا اعتراف کر لے، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے حکومتی اداروں کی جانب سے محب وطن آئی ایس او پر الزام تراشی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ حکومتی ادارے اپنے کالے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے حب الوطنی کی حامل درخشاں ماضی رکھنے والی تنظیم آئی ایس او پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 100658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش