0
Thursday 4 Aug 2022 23:53

دین اسلام انسانیت سے وابستہ ہر پریشانی و مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، علامہ علی رضا رضوی

دین اسلام انسانیت سے وابستہ ہر پریشانی و مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، علامہ علی رضا رضوی
اسلام ٹائمز۔ معروف عالم دین و خطیبِ اہلبیتؑ علامہ سید علی رضا رضوی نے کہا ہے کہ دین کی آمد کا مقصد انسان کو طرح کے عیب سے صاف کرنا ہے اور اسکی سوچ، فکر، کردار کو جہالت، جمود، قدامت پسندی جیسے مضر امراض سے محفوظ رکھنا ہے، تاکہ معاشرے میں بابنیاد اور معیاری اقدار قائم کیے جا سکیں، دین اسلام وہ واحد مذہب ہے، جس نے انسان کو ہر وہ آزادی فراہم کی ہے، جو معاشرہ سازی اور انسان سازی کی راہ میں مفید اور مددگار ہے۔ امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں عشرہ محرم الحرام کی پانچویں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی رضا رضوی نے کہا کہ آج اس جدید دور میں علماء و مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ اسلام کو اس انداز میں پیش کیا جائے کہ آج کی تاریخ کا انسان جب اسلام کو دیکھے، تو اسے اپنے ہر مسئلے کا حل اسلام اور اسلامی تعلیمات میں دکھائی دے۔

علامہ علی رضا رضوی نے کہا کہ اسلام کے پیروکاروں اور نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کو دنیا کی نگاہ میں بوسیدہ، تنگ نظر اور قدامت پسند مذہب کی صورت میں پیش نہ کریں، خداوندِ متعال نے دین اسلام کو اس انداز سے سجایا ہے کہ انسانیت سے وابستہ ہر پریشانی اور مسئلے کا حل اسلام پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ساتھ ساتھ ان تمام آلودگیوں کو برطرف کرنے کی قوت بھی رکھتا ہے، جو انسانیت کیلئے نقصان رساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عقل کا جائز اور صحیح استعمال انسان کو عدل و عدالت کا خوگر بناتا ہے، جبکہ غلط استعمال انسان کو شاطر و عیار بنا دیتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1007659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش