0
Monday 26 Sep 2011 07:53

امریکہ اپنی غلط فہمی دور کر لے، پاکستان کی غیور قوم مادر وطن کی خاطر مرمٹنے کا عزم رکھتی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

امریکہ اپنی غلط فہمی دور کر لے، پاکستان کی غیور قوم مادر وطن کی خاطر مرمٹنے کا عزم رکھتی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشیں بے نقاب ہو چکی ہیں، اب امریکہ کو جان لینا چاہیے کہ پاکستان میں اس کا کوئی حامی نہیں، غیرت مند پاکستانی قوم مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی، ایم ڈبلیو ایم میڈیا ٹیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی تاریخ بتاتی ہے کہ امریکہ کبھی بھی کسی کا دوست نہیں رہا۔ اس نے ہمیشہ اپنے مفادات کے لیے دوستی کا ہاتھ بڑھایا اور مقاصد کی تکمیل کے بعد دوست نما دشمن بن کر پیٹھ میں خنجر گھونپا اور ہر اس ملک کو تباہ برباد کیا جہاں اسے پاؤں رکھنے کو جگہ ملی، امریکہ صرف ان ممالک سے خوف کھاتا ہے جو اس کے سامنے ڈٹ جائیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اگر دو کمزور اور جنگ زدہ ممالک پر قبضہ کر کے امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان جیسی عظیم قوم سے ٹکر لے گا تو اسے یہ غلط فہمی دور کر لینی چاہیے۔ پاکستان کو عراق یا افغانستان سمجھنا امریکہ کی سب سے بڑی غلطی ہوگی، پاکستان کا بچہ بچہ ناموس وطن کی خاطر مرمٹنے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لمحات پاکستانی قوم کے لیے انتہائی خوشگوار ہوں گے جب ہمارے حکمران امریکہ سے مکمل طور پر تعلقات ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی کسی بھی ممکنہ سازش کا راستہ روکنے کے لیے ضروری ہے کہ پوری قوم کو متحد کیا جائے۔
انہوں نے سانحہ مستونگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس سانحہ کے پیچھے امریکی پالتو آلہ کاروں کا ہاتھ ہے، سانحہ مستونگ دراصل بلوچستان میں طالبان رہنماؤں کی موجودگی کے حوالے سے دیئے گئے امریکی بیانات کو تقویت دینے کی ایک سازش ہے، امریکہ کو اس خطے میں پاکستان کے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات بری طرح کھٹک رہے ہیں، انہوں نے پاکستانی عوام پر زور دیا کہ امریکی سازش کا شکار نہ ہوں اور آپس میں اتحاد وحدت کی فضا کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ موجودہ نازک حالات میں قوم کو امریکی سازشوں سے آگاہ رکھیں اور قومی ملی وحدت اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
خبر کا کوڈ : 101527
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش