0
Sunday 25 Sep 2011 19:56

قومی رہنما پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے متحد ہو کر مشترکہ مؤقف اختیار کریں، صاحبزادہ فضل کریم

قومی رہنما پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے متحد ہو کر مشترکہ مؤقف اختیار کریں، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے تمام قومی راہنماؤں کو امریکی دھمکیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر خط ارسال کیا ہے جس میں تمام قومی راہنماؤں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پاک وطن کی سالمیت، دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام تر اختلافات بھلا کر متحد ہو جائیں اور اپنے اتحاد کے ذریعے حکومت پاکستان کو امریکی اتحاد سے علیحدگی پر مجبور کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے خط میں کہا ہے کہ اگر آج قومی راہنما متحد نہ ہوئے تو پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری خطرے میں پڑ جائے گی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں قومی اتحاد کا ہے۔ اس وقت پاکستان کے دفاع کے لیے اجتماعی مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے قومی اتحاد کی راہ میں رکاوٹ بننے والے راہنما پاکستان سے غداری کے مرتکب ہوں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اگر تمام قومی راہنما قائداعظم کے مزار کے سائے تلے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کھڑے ہو جائیں تو امریکہ کی عقل ٹھکانے آ جائے گی اور وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھنے کی جرأت نہیں کرے گا۔ دریں اثنا سنی اتحاد کونسل کا ہنگامی اجلاس صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں اعلان کیا گیا کہ پاکستان پر امریکی الزامات اور دھمکیوں پر قوم کی صف بندی کے لیے جمعتہ المبارک 30 ستمبر کو ملک بھر میں "یوم مذمت امریکہ" منایا جائے گا اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں امریکی غنڈہ گردی کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی اور "امریکہ نہ طالبان ۔۔۔۔ پاکستان پاکستان" ریلیاں نکالی جائیں گی اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں قوم سے متحد ہونے اور ملکی دفاع کے لیے قربانیاں دینے کا حلف لیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ کو خدا حافظ کہنے کا وقت آ گیا ہے۔ امریکی دھمکیاں ہماری قومی غیرت کے لیے عظیم چیلنج ہیں۔ امریکہ آپے سے باہر ہو رہا ہے، قوم کسی کو قومی مفادات کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاک فوج نے امریکہ کے خلاف جرأت مندانہ مؤقف اختیار کر کے قوم کو اعتماد اور حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر کے پوری پاکستانی قوم کی توہین کی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 101396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش