0
Wednesday 23 Nov 2022 10:14

وادی نیلم کے چپہ چپہ میں شہداء کی ایک داستان رقم ہے، سردار تنویر الیاس

وادی نیلم کے چپہ چپہ میں شہداء کی ایک داستان رقم ہے، سردار تنویر الیاس
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وادی نیلم کے چپہ چپہ میں شہداء کی ایک داستان رقم ہے، نیلم کے شہریوں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نقل مکانی نہیں کی۔ بھارت گزشتہ کئی دھائیوں سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے جس کی وجہ سے آزادکشمیر کی لائن آف کنٹرول پر ہزاروں بے گناہ نہتے لوگ شہید ہو چکے ہیں۔ 23 نومبر 2016ء کو بھارتی افواج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مسافر بس کو نگدر کناری کے مقام پر صبح 8 بجکر 30 منٹ پر نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 12افراد شہید اور 14 زخمی ہوئے تھے۔ 

آج یوم شہدائے نیلم کے موقع پر ہم ان شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آج کے دن ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہداء نیلم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ میں بیس کیمپ کی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے یوم شہدائے نیلم کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت لائن آف کنٹرول کے تمام شہداء کی کفالت کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو پاک فوج کے شانہ بشانہ عوام کی حفاظت کے لئے سینہ سپر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیر کے ہر گاوں، ہر کوچے سے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہندوستان کی قابض فورسز کے عوام پر مظالم ڈھانے کے لیے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر آزادکشمیر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بھی بناتی ہے۔ ہم اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، او آئی سی اور دنیا کی مہذب اقوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے ہندوستان کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے باز رکھے۔
خبر کا کوڈ : 1026312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش