0
Tuesday 29 Nov 2022 15:14

سیف القدس آپریشن میں حماس نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، بنی گانٹز کا اعتراف

سیف القدس آپریشن میں حماس نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، بنی گانٹز کا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ صیہونی وزیر جنگ "بنی گانٹز" نے اعتراف کیا ہے کہ فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس نے "سیف القدس" آپریشن میں نمایاں کامیابی حاصل کی، انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر نہ تو پہلے اسرائیل کے دوست تھے نہ اب ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، آج منگل کے روز صیہونی وزیر جنگ بنی گانٹز نے اسرائیلی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ حماس نے "سیف القدس" آپریشن میں اپنے مطلوبہ اہداف کامیابی کے ساتھ حاصل کئے۔ بنی گانٹز نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل جب حماس نے یروشلم پر میزائل فائر کیے اور اسرائیل کو "القدس کی تلوار" نامی آپریشن کی جانب گھسیٹا، تو درحقیقت حماس نے عملی طور پر اپنے لیے ایک کارنامہ انجام دیا اور مقبوضہ فلسطین کو مقاومت سے متصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

اسرائیلی وزیر جنگ نے کہا کہ اس سے بھی بدتر یہ کہ حماس شہروں کے اندر اپنا اثر و رسوخ اور کشیدگی پھیلانے میں کامیاب رہی۔ مئی 2021ء کے واقعات اسرائیل کے کبھی نہ بھرنے والے زخم ہیں۔ بنی گانٹز نے اپنی گفتگو کے ایک حصے میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر سے اپنے تعلقات کے بارے میں کہا کہ "ابو مازن" (محمود عباس) نہ تو ہمارے دوست ہیں اور نہ ہوں گے۔ ہم صرف سکیورٹی کوآرڈینیشن کو مضبوط کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ "سیف القدس" آپریشن مئی 2021ء میں فلسطینی مقدسات اور القدس پر صیہونیوں کی جارحیت کے جواب میں وقوع پذیر ہوا، جو 11 دن تک جاری رہا۔ اس یادگار کارروائی میں صیہونی حملوں کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے مقبوضہ فلسطین پر چار ہزار سے زائد راکٹ داغے تھے۔
خبر کا کوڈ : 1027509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش