0
Thursday 1 Dec 2022 01:14

مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عملی اقدامات کیجانب بڑھنا ہوگا، علامہ ساجد نقوی

مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عملی اقدامات کیجانب بڑھنا ہوگا، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عملی اقدامات کی جانب بڑھنا ہوگا، پلاننگ کے تحت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے غاصب ریاست کو توسیع دی جارہی ہے، مذمتی قراردادیں و بیانات خوش آئند، عملی اقدامات کے بغیر مظلوموں کو حق ملنا ممکن نہیں، منظم و مضبوط پالیسی بنائے بغیر اسرائیل کے مظالم نہیں رُکیں گے، اسرائیل فلسطین میں ظلم کی تمام حدیں پار کرچکا ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان کے ساتھ قرارداد فلسطین کی منظوری اور اس کے علاوہ بانی پاکستان کے 27اگست 1948ء کے بیان ”ہم یکساں طور پر خطرناک اور کٹھن دور سے گز رہے ہیں ہم اپنے اسلامی اتحاد کے ذریعے ہیں دنیا کے مشورہ خانوں میں اپنی آواز کی قوت محسوس کر اسکتے ہیں“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عملی میدان میں مسئلہ فلسطین کے لئے اقدامات کو مزید تیز کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزر گیا، سب کچھ بدل گیا، مگر آج بھی فلسطینی ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں اور نام نہاد عالمی منصفوں کی دوغلی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، مگر عالمی ادارے انسانی حقوق کے نام پر اپنے مفادات کی خاطر اقدامات کرتے ہیں مگر جن مظلوم خطوں کو زیادہ توجہ کی ضرورت ہے وہاں ظالموں، آمروں اور جابروں کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ ہم عالمی سامراج کی سرپرستی میں صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مشرق وسطیٰ کے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ فسلطین فلسطینیوں کی اُمنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ مسلسل فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ان کی بستیوں کو مسمار کرکے کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، یہ سب ایک پلاننگ کے تحت، ناجائز اسرائیلی ریاست کو دوام بخشنے کے لئے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جب تک عالمی سطح پر منظم اور مضبوط موقف کے ساتھ فلسطینی ریاست کی اصل حالت میں بحالی کے لئے مضبوط پالیسی مرتب نہیں کی جاتی اس وقت تک اسرائیل مزید خونخوار، ظالم اور فلسطینیوں پر اپنی ہی زمین تنگ کرکے ان پر مظالم کی سیاہ رات کو مزید طول دے گا اور درندگی کا مظاہرہ کر تا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 1027782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش