0
Sunday 19 Mar 2023 03:13
پی ٹی آئی یورپ کے زیراہتمام یورپین پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ

اوورسیز کو اس بات پر شدید غصہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک ٹولے کو پاکستان پر مسلط کر دیا ہے، صاحبزادہ جہانگیر

اگر عمران پر کرپشن ثابت ہو جائے تو اس کیلئے اپنے اثاثے بیچ کر بھی ادائیگی کر دینگے، شکیل گوہر
اوورسیز کو اس بات پر شدید غصہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک ٹولے کو پاکستان پر مسلط کر دیا ہے، صاحبزادہ جہانگیر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیلجیئم کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اس مظاہرے میں مرد اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے ہاتھوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تصاویر والے پوسٹرز اور تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ مظاہرے میں موجودہ حکومت کے قائدین کی تنقیدی تصاویر بھی موجود تھیں۔ مظاہرے کے مقررین نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے (پی ڈی ایم) حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا پولیس گردی ہے۔ (پی ٹی آئی) اوورسیز کے مرکزی رہنماء صاحبزادہ جہانگیر نے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان پر ریاست کی جانب سے بنائے جانے والے 96 مقدمات کو انصاف کے ساتھ سنگین مذاق قرار دیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے سے یورپین پارلیمنٹ کے ممبران کو اس سلسلے میں آگاہی دینے کا عمل شروع کردیا جائے گا اور ان کے ساتھ پاکستان میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال بیان کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح اوورسیز کی ایک بڑی تعداد بھی عمران خان کو پاکستان کے لیے ایک بہتر لیڈر تصور کرتی ہے۔ انہیں اس بات پر شدید غصہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک چھوٹے سے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی بیلجیئم کے چیئرمین شکیل گوہر نے عمران خان کو ایک ایماندار لیڈر قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر ان پر کرپشن ثابت ہوجائے تو وہ اس کے لیے اپنے اثاثے بیچ کر بھی ادائیگی کر دیں گے۔

منتظمین کے مطابق اس مظاہرے میں یورپ کے 22 ممالک سے (پی ٹی آئی) کے نمائندگان نے شرکت کی۔ آخر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا، جس میں انہوں نے اپنے خلاف بنائے جانے والے مقدمات کی صحت کے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے اور انہیں بلا جواز گرفتاری کی کوشش کے لیے بہانہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنی مجوزہ گرفتاری کو بھی لندن پلان کا حصہ قرار دیتے ہوئے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ موجودہ حکومت الیکشن سے راہ فرار چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1047466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش