0
Friday 4 Nov 2011 19:03

بھارت کو پسندیدہ قرار دینے سے کشمیر کاز متاثر نہیں ہو گا، حنا ربانی کھر

بھارت کو پسندیدہ قرار دینے سے کشمیر کاز متاثر نہیں ہو گا، حنا ربانی کھر
اسلام ٹائمز۔ دفترخارجہ میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی صدارت میں خارجہ پالیسی اور پاک بھارت تعلقات میں اب تک ہونیوالی پیشرفت پر غور کیلئے اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر متعلقہ عسکری حکام سمیت سیکرٹری تجارت ظفر محمود، سیکرٹری داخلہ صدیق اکبر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاسی قیادت نے عسکری قیادت کو یقین دلایا ہے کہ بھارت کو پسندیدہ ملک کی حیثیت دینے سے پاکستان کے مفادات متاثر ہونگے نہ ہی کشمیر کاز کو کوئی نقصان پہنچے گا، کشمیری قیادت اور مذہبی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے، پاک بھارت تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، بھارت سے تعلقات کیلئے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، کشمیر پر دیرینہ موقف برقرار رہیگا، کشمیریوں کی تحریک آزادی کی اخلاقی وسفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی، موثر سفارتکاری کے ذریعے تمام عالمی فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں مظالم روکنے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے دباؤ ڈالا جائیگا۔
خصوصی ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں بھارت کو تجارت کی عالمی تنظیم ڈبلیو ٹی او کے تحت پسندیدہ ملک کی حیثیت دینے کے معاملے پر تفصیل سے غور کیا گیا جبکہ ممبئی حملوں کے بعد بحال ہونیوالے پاک بھارت دو طرفہ مذاکراتی عمل میں اب تک ہونیوالی پیشرفت کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے بھارت کو پسندیدہ ملک کی حیثیت دینے کے معاملے پر عسکری قیادت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام سے پاکستان کے مفادات پر کوئی اثر پڑے گا اور نہ ہی کشمیر کاز کو کوئی نقصان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے معاملے پر اپنے بعض تحفظات کا اظہار کیا تاہم اجلاس کے دوران عسکری قیادت کو یقین دلایا گیا بھارت سے تعلقات کیلئے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور کشمیر پر دیرینہ موقف برقرار رہے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کی اخلاقی وسفارتی حمایت جاری رکھے گا اور تمام عالمی فورمز پر موثر سفارتکاری کے ذریعے دباؤ ڈالا جائیگا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کے حکام نے یہ بھی یقین دلایا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے معاملے پر کشمیری قیادت سمیت مذہبی جماعتوں کے تمام تر تحفظات دور کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں ہر کسی کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل مرزا اختیار بیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کو پسندیدہ ملک کی حیثیت دینے کے فیصلے کو بزنس کمیونٹی اور تمام تاجر تنظیموں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ 

خبر کا کوڈ : 111674
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش