0
Monday 29 Apr 2024 17:21

لاپتا افراد کے اہل خانہ کے دکھ کا کسی کو احساس ہی نہیں، سندھ ہائیکورٹ

لاپتا افراد کے اہل خانہ کے دکھ کا کسی کو احساس ہی نہیں، سندھ ہائیکورٹ
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے سگے بھائیوں سمیت 11 لاپتا افراد کی بازیابی کی درخواستوں پر جبری طور پر لاپتا کئے گئے افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کرنے اور شہریوں کو بازیاب کرانے کیلئے تحقیقات اور اقدامات تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلاے کے مطابق ہائیکورٹ میں سگے بھائیوں سمیت 11 لاپتا افراد کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ وکلاء نے مؤقف دیا کہ شہریوں کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا ہے، بازیابی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے سندھ حکومت اور پولیس کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس ارشد حسین خان نے ریمارکس دیئے کہ لاپتا افراد کے اہل خانہ کے دکھ کا کسی کو احساس ہی نہیں، ذرا سوچیں! لاپتا افراد کے گھر والوں پر ایک ایک لمحہ گزارنا کتنا مشکل ہوگا۔

جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے ریمارکس دیئے کہ شہریوں کے بازیابی اور معاوضے کی ادائیگی سے متعلق عدالت کے کیا احکامات تھے کسی افسر کو معلوم ہی نہیں، پولیس اور صوبائی حکومت کے رویئے پر افسوس ہوتا ہے۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ جبری طور پر لاپتا افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے، کیا 3 مہینے سے پولیس افسران اور سیکرٹریز سو رہے تھے؟ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بندے کا پتا چل گیا ہے، مگر اگلی سماعت پر اس کا تبادلہ کر دیا گیا، یہ سب عدالت کے ساتھ مذاق نہیں تو کیا ہے؟ پولیس افسر نے بتایا کہ مختلف اداروں کو خطوط لکھ چکے ہیں، جواب نہیں ملا۔ جسٹس ارشد حسین نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں نہیں معلوم کب اور کیسے ہوگا، لاپتا افراد کی تحقیقات اور بازیابی کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں۔

عدالت نے لاپتا افراد کے کیس کے بارے میں احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر وفاقی اور صوبائی حکومت کے وکلا پر بھی اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ وکلا کیس لے کر کھڑے ہو جاتے ہیں، کیسز کے بارے انہیں کچھ پتا نہیں ہوتا۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ جن افراد کی جبری گمشدگی کا تعین ہو چکا ہے، صوبائی حکومت انہیں معاوضہ دے دی گی، کچھ افراد کے خانہ نے محکمہ داخلہ کو درخواستیں نہیں دیں۔ محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن نے کہا کہ جن کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، انہیں معاوضہ دینے کیلئے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی ہے۔ عدالت نے جبری طور پر لاپتا افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
خبر کا کوڈ : 1131950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش