0
Sunday 27 Nov 2011 21:01

نمائش چورنگی پر مرکزی مجلس عزا کے دوران اسکاؤٹس کے کیمپ پر فائرنگ، دو اسکاؤٹس شہید

نمائش چورنگی پر مرکزی مجلس عزا کے دوران اسکاؤٹس کے کیمپ پر فائرنگ، دو اسکاؤٹس شہید
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے نمائش چورنگی میں واقع نشتر پارک میں ہونے والی مرکزی مجلس عزاء کے دوران کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے پاک حیدری اور بوتراب اسکاؤٹس کے دو اسکاؤٹس کو شہید کر دیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ افسران کو کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جلد سے جلد کی جائے اور ملزمان کی گرفتاری کو ممکن بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق اتوار کی شام نمائش چورنگی کے نزدیک واقع نشتر پارک میں محرم الحرام اور ایام عزاء کی پہلی مجلس کے دوران دہشت گردوں نے اسکاؤٹس کے کیمپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں زین علی اور اسد کو شہید جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے ایک نوجوان کا تعلق بوتراب اسکاؤٹس جبکہ دوسرے کا پاک حیدری اسکاؤٹس سے ہے جو کہ مجلس عزاء کے دوران سیکوریٹی انتظامات پر معمور تھے۔
واضح رہے کہ اس واقعہ سے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے سیکوریٹی کے انتظامات کے دعووں کی قلعی بھی کھل گئی ہے کہ کس طرح دہشت گرد کھلے عام مجلس عزاء پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے اور پولیس انتظامیہ تماشائی بنی رہی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے آج یوم فاروق اعظم کے موقع پر ریلی نکالی تھی، جس کے خاتمہ پر واپس جاتے ہوئے عزاداران امام حسین علیہ السلام پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجہ میں دو اسکاؤٹس شہید اور تین زخمی ہوئے۔
واقعہ کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں بشمول انچولی سوسائٹی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، لانڈھی، ناظم آباد اور رضویہ سمیت کئی علاقوں میں اسکاؤٹس کی شہادت کے خلاف زبردست احتجاج جاری ہے، جبکہ شہر بھر کے متعدد علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسکاؤٹس کی شہادت پر پورے شہر میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ عزاداران سید الشہداء امام حسین علیہ السلام میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے، شہر کے متعدد مقامات پر مشتعل افراد نے مارکیٹوں کو بند کروا دیا ہے جبکہ سڑکوں پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 117781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش