0
Saturday 10 Dec 2011 11:13

مشترکہ فیصلہ کیا جائے، مسلم لیگ ن تنہا پارلیمنٹ سے مستعفی نہیں ہو گی، نواز شریف

مشترکہ فیصلہ کیا جائے، مسلم لیگ ن تنہا پارلیمنٹ سے مستعفی نہیں ہو گی، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ سے اکیلے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے، اسے دوسری جماعتوں کے استعفوں سے مشروط کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں شہباز شریف، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے احترام میں گو زرداری گو تحریک جو روک دی گئی تھی، اسے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ 

اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے لئے ہم خیال جماعتوں سے اتحاد کے لئے رابطوں کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے میاں نواز شریف نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ کارڈ استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے ان سے روابط مضبوط بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ میاں نواز شریف ہفتہ کے روز سے سندھ کے دورے کے دوران لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور گڑھی خدابخش میں بے نظیر بھٹو کے مزار پر بھی جائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔

اس موقع پر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے استعفوں پر تمام جماعتیں مشترکہ فیصلہ کریں، اگر دوسری جماعتیں مل کر اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتی ہیں تو مسلم لیگ ن بھی مستعفی ہو جائے گی، لیکن اکیلے ن لیگ کے استعفوں سے فرق نہیں پڑے گا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں سندھی عوام سے لگاو ہے، وہ ان کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کو اب سندھ کارڈ استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ سندھ کی قوم پرست جماعتوں کو قومی دائرے میں شامل کریں گے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ کو غیر موثر کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا جمہوریت نہیں، موجودہ حکومت ناکام ہوئی ہے۔ 

مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں ہوں یا نہ، مسلم لیگ قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو حملہ بلاجواز تھا۔ فوجی جوانوں کو سوچی سمجھی سازش کے تحت شہید کیا گیا۔ قوموں کے لئے عزت و آبرو سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا۔ ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ نیٹو کی سپلائی لائن بند کرنے کا حکومتی فیصلہ قابل تحسین ہے، امریکہ کی غیر مشروط معافی تک نیٹو سپلائی بحال نہ کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 120892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش