0
Friday 16 Dec 2011 01:13

تحریک منہاج القرآن کے تحت 18 دسمبر کو ’’بیداری شعور عوامی ریلی‘‘ کی تشہری مہم عروج پر

تحریک منہاج القرآن کے تحت 18 دسمبر کو ’’بیداری شعور عوامی ریلی‘‘ کی تشہری مہم عروج پر
اسلام ٹائمز۔ لیاقت باغ میں اٹھارہ دسمبر کو ہونے والے اس جلسے سے تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں کے علاوہ تحریک کے سرپرست ڈاکٹر طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے، جلسے کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسے میں دو لاکھ افراد شریک ہوں گے۔ اس حوالے سے اسلام آباد راولپنڈی میں پمفلٹس تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دونوں شہروں میں بینرز، ہاینگرز، ہورڈنگز اور پوسٹرز کی بھر مار کی گئی ہے۔ تقسیم کیے جانے والے پمفلٹ میں عوام کو مندرجہ ذیل نکات پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ جن میں کہا گیا ہے کہ:
نظریہ پاکستان سے بغاوت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آخر کب تک؟
دہشتگردی اور انتہا پسندی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آخر کب تک؟
پڑھا لکھا نوجوان دربدر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آخر کب تک؟ 
ذہنی غلامی اور قومی بے حسی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آخر کب تک؟
نااہل اور بے ضمیر قیادتوں کا راج۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آخر کب تک؟
حقوقِ انسانی کا استحصال۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آخر کب تک؟
ذرا سوچئے! تبدیلی کا پہلا قدم آخر کب اٹھے گا؟

 
پمفلٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’’ان تمام قومی امراض کی جڑ موجودہ کرپٹ اجارہ درانہ، بوسیدہ نظام انتخاب ہے، جس کی وجہ سے 63 سال سے چند مفاد پرست خاندان، جاگیردار اور وڈیرے چہرے بدل بدل کر حکمرانی کرتے چلے آ رہے ہیں۔ تبدیلی کا سفر اس وقت تک شروع نہیں ہو سکتا، جب تک غریب اور متوسط طبقہ کی قیادت ایوانوں تک نہیں پہنچتی اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتا، جب تک اس بوسیدہ نظام انتخاب کو عوامی طاقت کے ذریعے اکھاڑ نہیں پھینکا جاتا‘‘۔ آئیے! تبدیلی کے لئے پہلا قدم اٹھائیں اور 18 دسمبر کو لیاقت باغ (راولپنڈی) چلیں۔
اس کے علاوہ بینرز سمیت تمام پبلیکیشنز کے ٹاپ پر لکھا گیا ہے کہ ’’نظام بدلہ جائے گا،،،،، سرعام بدلا جائے گا‘‘۔
تحریک منہاج القرآن ضلع اسلام آباد کے صدر نے اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ لیاقت باغ می ہونے والی اس ریلی میں دونوں شہروں سے دو لاکھ سے زائد خواتین و حضرات شریک ہونگے، اُن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہفتے کے روز سیکٹر جی نائن سے ریلی نکالی جائے گی، جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پمز اسپتال سے پریس کلب اختتام پذیر ہو گی۔ 
واضح رہے کہ یہ ’’بیداری شعور عوامی ریلی‘‘ راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں ہو رہی ہے جہاں گذشتہ ہفتے جماعت اسلامی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام کا انعقاد کیا تھا۔
 مبصرین کا کہنا ہے ک جوں جوں انتخابات قریب آتے جا رہے ہیں، مختلف سیاسی اور مذہبی دھڑے عوامی رابطہ مہم میں تیزی لا رہے ہیں، تاکہ آئندہ انتخاب میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں لے سکیں۔ تاہم اُن کا کہنا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کی موجودہ نظام سے چھٹکارے کی باتیں اور عوام کو ووٹ ڈالنے سے منع کرنے سے متعلق سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں، کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طویل عرصہ گوشہ نشینی کے بعد ایک دم عوامی اجتماعات شروع کرنا نے کئی سوالوں کو جنم دیا ہے جبکہ وہ متبادل نظام بھی متعارف نہیں کروا رہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری 2002ء میں قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے 2008ء کے انتخابات میں بھی حصہ نہی لیا۔
خبر کا کوڈ : 122577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش