0
Thursday 26 Jan 2012 19:55

امریکی غلامی ہی سارے مسائل کی جڑ ہے، صاحبزادہ فضل کریم

امریکی غلامی ہی سارے مسائل کی جڑ ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ حکومت نیٹو سپلائی کی بحالی کے لیے بہانے ڈھونڈ رہی ہے، عوامی خواہشات کے برعکس نیٹو سپلائی کھولنا افسوسناک ہو گا، پارلیمنٹ نیٹو سپلائی کی بحالی کی تجویز کو مسترد کر دے، امریکی غلامی ہی سارے مسائل کی جڑ ہے اس لیے امریکہ سے آزادی کے ایجنڈے پر پوری قوم متحد ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں نظام مصطفی پارٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ قوم کسی کو ملکی سلامتی کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصفانہ انتخابات کے لیے شفاف ووٹر لسٹوں اور آزاد و خودمختار الیکشن کمیشن ضروری ہے، اس لیے انتخابی نظام کو شفاف بنانے کے لیے اس کی خامیاں دور کی جائیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو امتیازی سلوک اور جبر و تشدد کا سامنا ہے، بھارتی حکمرانوں نے کشمیری قوم کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھارتی سیکولرازم کے منہ پر طمانچہ ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومت نے بھارت کے ساتھ تجارت اور اسے پسندیدہ ملک قرار دے کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوبارہ شروع ہونے والے ڈرون حملوں پر حکومتی خاموشی شرمناک ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ وی آئی پی کلچر ختم کیا جائے اور قومی وسائل عوام پر خرچ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پنجاب میں ناقص ادویات سے ہونے والی انسانی ہلاکتوں کا ازخود نوٹس لیں۔ دوسری جانبسنی اتحاد کونسل پاکستان کے راہنماؤں پیر محمد افضل قادری، صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی، حاجی محمد حنیف طیب، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری اور محمد نواز کھرل نے اسلام آباد میں یوم رضا کے جلسے کے دوران ادارہ صراط مستقیم کے بانی علامہ ڈاکٹر محمد اشرف جلالی پر حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کے ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

سنی اتحاد کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی پر حملہ کھلی غنڈہ گردی ہے جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت علمائے اہلسنّت کی سکیورٹی کا بندوبست کرے۔ سنی اتحاد کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم ملک ممتاز حسین قادری کی حمایت جاری رکھیں گے اور ممتاز قادری کی حمایت کرنے کی وجہ سے حملے کرنے والوں کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ سنی اتحاد کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ اہل حق کے تمام علماء و مشائخ اور عوام ڈاکٹر اشرف آصف جلالی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 133311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش