0
Monday 5 Mar 2012 19:25

سانحہ کوہستان،حکومت متاثرین سے کئے وعدے ایفاء کرنے میں مزید تاخیر نہ کرے، علامہ ساجد نقوی

سانحہ کوہستان،حکومت متاثرین سے کئے وعدے ایفاء کرنے میں مزید تاخیر نہ کرے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اپنے ایک اخباری بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ کوہستان میں مسافر بس پر دہشتگردوں کے حملے اور چن چن کر مسافروں کو قتل کرنا ہو یا گلگت بلتستان میں فتنہ انگیزی، نفرت اور انتشار کو ہوا دینا ہو، دونوں طرح کی مہم جوئی ایک خاص منصوبے کا حصہ ہے۔ ایسے منصوبہ سازوں اور شرپسندوں کے سرپرستوں کو جان لینا چاہیے کہ یہ گھناؤنا عمل کسی طور پر ملک و ملت کے مفاد میں نہیں، لہذا اس سے باز رہا جائے۔
 
ترجمان نے کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ایک طرف ملک کی تقدیر کے مالک و مختار عوام پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے اور بنیادی انسانی اشیائے ضروریہ سے ان کی پہنچ اور رسائی سے دور ہوتی چلی جا رہی ہیں جبکہ دوسری جانب شرپسندی، دہشتگردی، قتل و غارتگری اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے معصوم اور بے گناہوں کا خون بہایا جا رہا ہے، ان حالات میں عوام کے صبر اور حوصلے کو مزید آزمانا کسی طور پر مناسب اور درست نہیں۔
 
مرکزی ترجمان نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے سانحہ کوہستان کے متاثرین سے کئے گئے وعدے ایفاء کرنے میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور ملک بھر سمیت ان علاقوں میں شرپسندوں کی کارروائیوں اور سرگرمیوں کو روکنے کے لئے دہشتگردوں کو لگام دی جائے، کیونکہ ملک اب اور سانحات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
خبر کا کوڈ : 143169
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش