0
Thursday 29 Mar 2012 09:01

سلالہ پوسٹ حملہ، امریکی رپورٹ مسترد، ملکی سلامتی پر حملہ کیا گیا، جنرل کیانی

امریکہ پاکستان سے دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے، جنرل جیمز میٹس
سلالہ پوسٹ حملہ، امریکی رپورٹ مسترد، ملکی سلامتی پر حملہ کیا گیا، جنرل کیانی
اسلام ٹائمز۔ امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل جیمز میٹس اور افغانستان میں ایساف کے کمانڈر جنرل ایلن نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں سے طویل ملاقات کی۔ معتبر ذرائع نے بتایا کہ جی ایچ کیو میں شام ساڑھے سات بجے شروع ہونے والی یہ ملاقات ساڑھے دس بجے رات تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ کو امریکی جرنیلوں نے ایک حادثہ قرار دیا اور پاکستانی فوجی قیادت کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ یہ حملہ کسی منصوبے کا حصہ نہیں تھا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ سلالہ چوکی پر حملہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ تھا۔ جنرل کیانی نے سلالہ چوکی پر حملے کے حوالے سے امریکی رپورٹ اور ڈرون حملوں کی پیشگی اطلاع سے متعلق امریکی پیشکش مسترد کر دی۔

ذرائع کے مطابق دونوں جرنیلوں نے پاکستان کی فوجی قیادت سے سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ پر اظہار افسوس اور معذرت کی ہے۔ ملاقات میں سینٹ کام اور نیٹو کی تحقیقاتی رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ گذشتہ سال ۲۶ نومبر کو سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ کے بعد اعلیٰ سطح پر یہ پہلی عسکری ملاقات ہے جس میں سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ پر کھل کر بات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نیٹو سپلائی کی بحالی، ڈرون حملوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پاک فوج کی قیادت نے امریکی جرنیلوں کو بتایا کہ وہ چند روز صبر کر لیں پاکستان کی پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لئے نیا فریم ورک بنایا جائے گا۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کا حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔

امریکی جرنیلوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کو سرحدی علاقے میں تعاون بحال کرنا چاہئے کیونکہ انتہا پسند اس صورتحال سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ملاقات میں دونوں طرف سے گلے شکوے بھی کئے گئے۔ امریکی جرنیلوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق جنرل کیانی، صدر اور وزیراعظم کو امریکی جرنیلوں کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں امریکہ کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون کے لئے شرائط طے ہونے کے سلسلے میں ابھی بحث شروع ہو چکی ہے جبکہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کی بحالی کے لئے بے تابی کا اظہار کر رہا ہے۔

اے پی اے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنرل کیانی نے سلالہ چیک پوسٹ پر حملے سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کر دی، اس کے علاوہ جنرل کیانی نے ڈرون حملوں کی پیشگی اطلاع سے متعلق امریکی پیشکش بھی مسترد کر دی۔ اس سے قبل آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان کی سلالہ چوکی پر حملے کے بعد امریکی اور پاکستانی فوجی قیادت کے درمیان یہ ملاقات پہلی ملاقات تھی، ملاقات میں سلالہ چیک پوسٹ حملہ کے واقعہ کی تحقیقات کے بارے میں پیش رفت اور بارڈر کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ یہ ملاقات سیول میں امریکی صدر اور وزیراعظم گیلانی کی ملاقات کے بعد ہو رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں بارڈر کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کیلئے بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ، نیٹو سپلائی لائن کی بحالی، سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جنرل جیمز میٹس نے کہا کہ خطے کی سلامتی میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل جیمز میٹس اور جنرل ایلن کچھ دیر جنرل وائیں کے ساتھ رہے اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے دوطرفہ معاملات کے ساتھ ساتھ خطے کی موجودہ جغرافیائی سٹرٹیجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی صدر باراک اوبامہ اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان سیئول میں گذشتہ روز ہونے والی ملاقات کے بعد پاکستانی اور امریکی عسکری قیادت کے درمیان روالپنڈی میں پہلی باضابطہ ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس اور افغانستان میں تعینات نیٹو ایساف افواج کے سربراہ جنرل جان ایلن کے درمیان بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کی تحقیقاتی رپورٹ اور بارڈر کوآرڈینیشن طریقہ کار پر غور کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ سلالہ جیسے واقعات سے بچنے کیلئے بارڈر کوآرڈینیشن کے طریقہ کار میں ضروری ترامیم بھی تجویز کی گئیں۔ 

جنرل جان ایلن سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے واضح کیا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ تھا۔ اس موقع پر جنرل جیمز میٹس نے کہا کہ خطے کی سکیورٹی میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ امریکہ پاکستان سے دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو کے فضائی حملے میں 24 پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے جس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان نے امریکہ کے ساتھ اعلٰی سطح رابطے معطل کرنے کے علاوہ افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے لیے اپنی سرزمین کے راستے رسد کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی جو تاحال برقرار ہے۔
خبر کا کوڈ : 148879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش