0
Monday 23 Nov 2009 11:00

جے ایف تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ کے حوالے،قوم کو کو مبارک ہو،این آر او سے فائدہ اٹھانے والوں کا احتساب کریں گے،وزیراعظم گیلانی

جے ایف تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ کے حوالے،قوم کو کو مبارک ہو،این آر او سے فائدہ اٹھانے والوں کا احتساب کریں گے،وزیراعظم گیلانی
کامرہ:وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیار ے کی تیاری پاک چین دوستی کی علامت اور ہماری خود انحصاری کی طرف پہلا قدم ہے،یہ پاک فضائیہ کا ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا خواب تھا جسے آج تعبیر مل گئی ہے،ملک دفاعی خود کفالت کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، چین سے جدید ترین جے 10 جنگی طیاروں کے حصول کیلئے بھی بات چیت جاری ہے۔ این آر او کے مسئلہ پر صدر سے کوئی اختلاف ہے نہ ہی کیری لوگر بل کی وجہ سے فوج کے ساتھ تعلقات متاثر ہوئے۔این آر او فہرست میں شامل تمام افراد کا احتساب کیا جائے گا۔اے این این کے مطابق پاکستان اور چین کے باہمی اشتراک سے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر طیارہ پاک فضائیہ کے حوالے کر دیا گیا۔ طیارے کی تقریب رونمائی پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ہوئی۔جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم گیلانی تھے۔اس موقع پر وزیراعظم نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین سے دوستی پر فخر ہے اور علاقے میں استحکام کیلئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی تیاری نہ صرف پاک فضائیہ بلکہ پوری قوم کا خواب تھا یہ جدید ترین لڑاکا طیارہ پاکستان کی آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد اس طیارے کو فروخت بھی کیا جاسکے گا۔حکومت اس منصوبے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی توقعات پر پورا اتر رہی ہے اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے پروگرام کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔پاک فضائیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی بری فوج کے شانہ بشانہ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ 
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آر او پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جب این آر او سے مستفید ہونے والوں کی فہرست سامنے آئے گی تو انہیں شرمندگی اٹھانا پڑے گی این آر او سے مستفید ہونے والے آٹھ ہزار سے زائد افراد میں سے صرف 34 سیاستدان ہیں۔میڈیا کو سیاستدانوں کے علاوہ دیگر لوگوں کو بھی دیکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ این آر او سے مستفید ہونے والے کئی لوگوں کے مقدمات ان کے سیاست میں آنے سے قبل کے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ مقدمات بہت پرانے ہیں جنہیں سابق صدر پرویز مشرف سمیت تمام آمروں نے اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے استعمال کیا اور احتساب کے نام پر وقت گزارا،حکومت نے عوام کے مطالبے پر فہرست جاری کر دی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے،ہمیں پاکستان کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔چین پاکستان کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور تمام شعبوں میں تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ گیلانی نے کہا کہ حکومت پاک فضائیہ کے دفاعی منصوبوں کی حمایت کرے گی،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت چین کی شکر گزار ہے جس نے پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیا۔ این آر او سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس کی قومی اسمبلی کے فلور پر طلب کی گئی لسٹ پیش کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خود کفالت کے بغیر ترقی ممکن نہیں،مضبوط دفاع کے لئے مضبوط فضائیہ ضروی ہے،دفاع کے لئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جے 10 طیاروں کے حصول کے لئے بھی چین سے بات چیت جاری ہے۔
اسلام آباد:وزیراعظم گیلانی نے ایوان صدر میں صدر زرداری سے اہم ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق این آر او سے مستفید ہونے والوں کی فہرست منظر عام پر آنے کے بعد دونوں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال،این آر او سے فائدہ اٹھانے والے وزراء کے مستقبل،بلوچستان پیکج اور دیگر اہم قومی و سیاسی امور زیر بحث آئے۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے این آر او سے فائدہ اٹھانے والے افراد کی فہرست پر بعض وزراء اور ان کے سیکرٹری جنرل سمیت کئی افراد کے تحفظات پر وزیراعظم کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کا جائزہ لیں اور جن لوگوں نے غلط نام فہرست میں شامل کئے،ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر وزیراعظم ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت این آر او سے مستفید ہونے والے کسی وزیر،مشیر یا رکن پارلیمنٹ کا دفاع نہیں کرے گی انہیں عدالتوں سے اپنے آپ کو کلیئر کرانا ہو گا،یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کسی وزیر سے استعفے کے لئے بھی نہیں کہے گی البتہ اپنے طور پر اگر کوئی استعفیٰ دے گا تو وہ قبول کر لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ وزراء کو عدالتوں سے اپنے آپ کو کلیئر کرانے کا کہہ بھی دیا گیا ہے صدر نے کہا کہ اگر وہ صدر نہ ہوتے اور ان کے راستے میں آئینی مجبوری نہ ہوتی تو وہ خود بھی عدالتوں کا سامنا کرتے کیونکہ یہ ان کے لئے نئی بات نہیں۔صدر اور وزیراعظم نے بعض میڈیا کے حلقوں میں اپنے اختلافات کی خبروں کی بھی تردید کی اور کہا کہ حکومت اور جماعت میں مکمل ہم آہنگی ہے اور اہم امور پر سیاسی مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ صدر اور وزیراعظم نے آئینی اصلاحات کمیٹی کی طرف سے فائنل کئے گئے بعض آئینی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔جنہیں جلد پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا،صدر اور وزیراعظم نے نئے احتساب بل پر بھی بات چیت کی وزیراعظم نے صدر کو بتایا کہ وہ احتساب کے نئے قانون پر دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لے رہے ہیں،صدر نے کہا کہ  مفاہمت کی پالیسی جاری  رہنی چاہئے اور قومی امور پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔
پہلا جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارہ پاک فضائیہ کے حوالے کر دیا گیا
کامرہ:چین کے اشتراک سے پاکستان میں تیار کیا جانے والا پہلا جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارہ،پاک فضائیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پاک چین دفاع تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے جبکہ میڈیا کو یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ این آر او سے فائدہ لینے والے غیر سیاست دانوں پر بھی توجہ دیں ۔جے ایف17 تھنڈر طیارے کی رول آؤٹ تقریب پاک فضائیہ کے ایئروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تھے ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل اشفاق پرویزکیانی،ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان،وفاقی وزرا اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔مشترکہ منصوبے کے تحت چین میں تیار کردہ ایسے دس طیارے پہلے ہی پاک فضائیہ میں ہیں جبکہ پاکستان میں ان کی مکمل تیاری بھی شروع ہو چکی ہے۔تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس طیارے کی تیاری دفاعی خود کفالت میں اہم قدم ہے اور چین سے جدید جے10 طیاروں کے حصول پر بھی بات چیت جاری  ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ،بری افواج کے شانہ بشانہ ہے اور حکومت تمام دفاعی منصوبوں کے لئے وسائل فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ جے ایف 17 طیارے کے رول آؤٹ نے ثابت کر دیا کہ ہم ہر رکاوٹ کو دور کرسکتے ہیں،تقریب سے چین کے سفیر نے خطاب کیا اور کہا ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دفاع تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے،بعد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے این آر او سے متعلق سوال پر کہا کہ اس فہرست کے آٹھ ہزار افراد میں صرف 34 سیاست دان ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف سمیت تمام آمروں نے احتساب کا نام لے کر وقت گزارا،کیری لوگربل سے متعلق ایک سوال پروزیراعظم نے کہا حکومت اور فوج کے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں ۔
JF-17 تھنڈر لڑاکا طیارہ آج پاک فضائیہ کے حوالے کیا جائیگا
اسلام آباد:پاکستان میں مکمل طور پر تیار کیا گیا پہلا جے ایف۔17 تھنڈر لڑاکا طیارہ (آج) پیر کو پاکستان کی فضاؤں میں پرواز کرے گا۔ دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر عبدالقیوم جتوئی کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ ملٹی رول لڑاکا طیارے جے ایف۔17 پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کئے جا رہے ہیں۔یہ طیارہ گلاس کاک پٹ اور جدید ایوی یانکس کے ساتھ دنیا بھر میں کسی بھی جدید فائٹر ائیر کرافٹ کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ آواز کی رفتار سے ڈیڑھ گنا تیز،کم وزن،ماڈرن ٹربو فین انجن،ایڈوانس فلائٹ کنٹرول اور ہتھیار لے جانے کا جدید ترین نظام جے ایف 17 کی نمایاں خصوصیات ہیں۔دوران پرواز کے دوران ہی ایندھن بھرنے کی صلاحیت اس طیارے کو دیگر کئی جنگی جہازوں سے ممتاز کرتی ہے۔مزید برآں جنگ نیوز کے مطابق فضائیہ اور چینی ایوی ایشن انڈسٹری کے درمیان اشتراک کا سفر 43 برسوں پر محیط ہے۔
خبر کا کوڈ : 15584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش