0
Monday 23 Nov 2009 10:40

مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں،بھارت جارحانہ عزائم ترک کر دے،بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی حمایت بند کرے،شاہ محمود قریشی

مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں،بھارت جارحانہ عزائم ترک کر دے،بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی حمایت بند کرے،شاہ محمود قریشی
 برلن:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان اور فاٹا کے علاقوں میں شدت پسندوں کی معاونت کر رہا ہے جس کے ٹھوس شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم ترک کر دے اور تمام مسائل پر بات چیت کا عمل شروع کرے کیونکہ مذاکرات میں تعطل کا فائدہ امن کے دشمنوں کو ہو رہا ہے ہم پائیدار امن کیلئے بھارت کیساتھ جامع مذاکرات کسی بھی وقت شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے (ڈی پی اے )کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرے۔ بھارت کو ایسے جارحانہ عزائم اور سرگرمیاں ترک کر دینی چاہئیں کیونکہ ایسے اقدامات سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں خلیج پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات بہت ضروری ہیں اور بھارت کے پاس مذاکرات کا کوئی متبادل بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کیساتھ امن مذاکرات کا عمل معطل کر دیا اور یہ دعوی کیا جانے لگا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر پاکستان میں موجود ہیں اور ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی،ان کو گرفتار کیا اور انکے خلاف عدالتی ٹرائل بھی جاری ہے۔بھارت کو چاہیے کہ وہ شدت پسندوں کیخلاف پاکستان کی کوششوں میں معاونت کرے نہ کہ مذاکرات کے عمل میں روڑے اٹکائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل مذاکرات ہی ہوتے ہیں اور پاکستان پائیدار امن کیلئے جامع مذاکرات کسی بھی وقت شروع کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت پاکستان میں شدت پسندوں کی مدد بند نہیں کرتا خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
خبر کا کوڈ : 15582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش