0
Wednesday 25 Apr 2012 17:22

طاغوت کے مقابلے میں حضرت زہرا س کی ذات اسوہ حسنہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

طاغوت کے مقابلے میں حضرت زہرا س کی ذات اسوہ حسنہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ دختر رسول ص ملیکتہ العرب کی بیٹی فاطمہ زہرا س عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے شہید حمید علی بھوجانی ہال میں انجمن منتظرِ مہدی ع کے زیراہتمام 3 روزہ مجالس عزاء بسلسلہ شہادتِ دختر رسول ص حضرت بی بی فاطمۃ زہراء سلام اللہ علیہا سے خطاب کے دوران کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ (س) مثالی بیٹی، مثالی بیوی اور مثالی ماں ہیں اور دور جاہلیت میں ایک ایسی بیٹی جو اللہ کے نبی ص کے پیغام وحی اور ترویج اسلام میں آپ س اپنی والدہ گرامی اور رسول ص کے شانہ بشانہ رہیں اور والدہ گرامی کے انتقال کے بعد ایسی مثالی بیٹی بنی کے خود رسول ص نے آپ س کو اُم ابیہا یعنی اپنے باپ کی ماں کا لقب دیا، فاطمہ (س) کی آمد نے تاریکی کو تنویر سے بدل دیا، فاطمۃ زہرا (س) باغ رسالت کا وہ تنہا ترین پھول ہے جس کی نظیر ناممکن ہے اور اُس پر آشوب دور جس میں ظلم و تشدد کا دور دورہ اور انسانیت کا دور دور تک نام و نشان نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جس زمانہ کے ضمیر فروش بےحیا انسان کے لبادہ میں حیوان صفت افراد انسان کو زندہ در گور کر کے فخر و مباہات کیا کرتے تھے، جو عورت ذات کو ننگ و عار سمجھتے تھے، یہ وہ تشدد آمیز ماحول تھا جس کی باقیات ہمیں آج بھی اپنے معاشرے میں نظر آتی ہیں، جس میں حقوق نسواں کی بےحر متی کبھی اپنے معاشی معاملات کی درستگی خواتین کو فروخت کر کے تو کبھی غیرت کے نام پر قتل کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ ایسے ماحول میں آپ کی مثالی شخصیت صرف امت مسلمہ کیلئے نہیں، بلکہ عالم انسانیت کیلئے رہتی دنیا تک نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ولایت کے دفاع میں حضرت فاطمہ پہلی ذات ہیں، جنہوں نے وقت کے امام کے نصرت کے لئے قدم اٹھایا اور ایک ایسی تحریک کی داغ بیل ڈالی جو آج تک جاری ہے، زمانے کے طاغوتوں کے مقابلے کے لئے حضرت فاطمۃ زہرا س کی ذات ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 156424
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش