0
Monday 16 Jul 2012 03:12

ہم امریکی غلام حکمرانوں کی حکومت نہیں چلنے دیں گے، سید منور حسن

ہم امریکی غلام حکمرانوں کی حکومت نہیں چلنے دیں گے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک کے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو کمزور کرنے کے لیے اندرونی اور بیرونی قوتیں سرگرم عمل ہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی ہے، اگر مسلم لیگ ( ن ) اور تحریک انصاف نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف ہیں تو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں، جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے حکومت امریکا کے ساتھ MOU پر دستخط نہ کرے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ سے باہر آجائے۔ پاکستان میں تمام مسائل دہشتگردی کے خلاف جنگ کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیٹو سپلائی کے بحالی کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت بولٹن مارکیٹ سے نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی کے شرکاء نے سید منور حسن کی قیادت میں کیماڑی تک پیدل مارچ کیا، جہاں کنٹینروں سے بنائے گئے اسٹیج پر کھڑے ہوکر قائدین نے خطاب کیا۔ ریلی سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو، کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امیر نصر اللہ خان شجیع، ضلع غربی کے امیر اسحاق خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء برجیس احمد، حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹر عبدالواسع شاکر، سید محمد اقبال، ضلع جنوبی کے امیر راجہ عارف سلطان، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ملک سے امریکی مداخلت کے خاتمے کا عزم کیا۔

سید منور حسن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پورا ملک بحران سے دوچار ہے ملک کی سلامتی کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو کمزور کرنے کیلئے اندرونی اور بیرونی قوتیں سرگرم عمل ہیں۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف شمع رسالتؐ کے پروانے سڑکوں پر نکل آئے ہیں ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستان کے عوام جدوجہد کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی آزادی کے تحفظ اور اسلامی نظام کے لئے عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اگر افغان عوام کے قتل کے لئے یہاں سے اسلحہ جاتا ہے تو ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کے خلاف آواز بلند کریں اور راستے پر روڑے اٹکائیں۔ عوام نیٹو کے کنٹینرز کے راستے پر بیٹھ جائیں افغانوں کی آزادی کا سودا نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران نیٹو سپلائی کے حوالے سے امریکا کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے جارہے ہیں ایم او یو پر اس وقت تک دستخط نہ کئے جائیں جب تک امریکا ڈرون حملے بند نہ کرے۔ ہم ایم او یو کے حق میں نہیں غلامی کی دستاویز پر دستخط کرنے کیلئے قوم تیار نہیں ہمیں کسی کی غلامی قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف اللہ اور اس کے رسول ؐ کے غلام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کنٹینرز کے اندر اسلحہ کے ساتھ ساتھ شراب بھی ہوتی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جتنے مسائل ہیں یہ سارے مسائل دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اس کی اتحادی جماعتیں امریکا کا ساتھ دے رہی ہیں۔ مسلم لیگ ( ن ) اور تحریک انصاف بھی نیٹو سپلائی کے خلاف ہیں ان جماعتوں کو نیٹو سپلائی کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے۔ اگر یہ دونوں پارٹیاں اس مسئلے پر خاموش رہتی ہیں تو عوام کو سوال کرنے کا حق حاصل ہے کہ امریکی غلامی میں کون سی چیز رکاوٹ ہے۔
خبر کا کوڈ : 179436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش