0
Sunday 22 Jul 2012 19:14

پاک فوج پر حملہ کرنیوالے دہشت گرد امریکہ کے ایجنٹ اور اسلام کے باغی ہیں،فضل کریم

پاک فوج پر حملہ کرنیوالے دہشت گرد امریکہ کے ایجنٹ اور اسلام کے باغی ہیں،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ رضویہ میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے۔ رحمتوں کے مہینے میں مہنگائی میں اضافہ کرنے والے اللہ کے عذاب سے ڈریں۔ پنجاب حکومت مہنگائی روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ پاکستان کی سلامتی کو درپیش شدید خطرات کے پیش نظر قوم متحد ہو جائے۔ قوم کو تقسیم کرنے والے لیڈر امریکہ اور بھارت کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاک فوج پر حملہ کرنے والے دہشت گرد امریکہ کے ایجنٹ، پاکستان کے دشمن اور اسلام کے باغی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلیر قوم پر بزدل حکمران مسلط ہیں جو اللہ سے نہیں امریکہ سے ڈرتے ہیں، حکمران امریکہ کو خدا سمجھنا چھوڑ دیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے، امریکہ پاکستان کو توڑنے اور پاکستان کے ایٹمی ذخائر پر قبضے کی کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک تخت اسلام آباد اور تخت لاہور کا قیدی بن چکا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہماری منزل خوشحال، پرامن، فلاحی، اسلامی اور جمہوری پاکستان ہے،سنی اتحاد کونسل کرسی اور کمیشن کی سیاست کی مزاحمت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو ختم کر کے پاکستانیت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب سنی اتحاد کونسل سے وابستہ مفتیوں اور علماء و مشائخ نے تاجروں اور دکانداروں سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں نہ بڑھائیں اور مہنگائی میں اضافہ کر کے مسلمان بھائیوں کی مشکلات میں اضافہ نہ کریں کیونکہ رمضان المبارک میں بلاوجہ چیزوں کی قیمتیں بڑھانا اللہ کو ناراض کرنے کے مترادف ہے۔

علماء و مشائخ نے کہا ہے کہ تاجر اور دکاندار رحمتوں کے مہینے میں قیمتیں بڑھا کر نیکیوں سے محروم نہ ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تمام مذاہب کے تہواروں کے موقع پر اشیائے خوردونوش اور دوسرے ضروری سامان کے نرخ کم کر دیئے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں ہمیشہ مذہبی تہواروں اور رمضان کے دوران اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں جو کہ اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اپیل کرنے والے مفتیوں اور علماء و مشائخ میں مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ داؤد رضوی، علامہ سید خرم ریاض شاہ، پیر صوفی اطہر القادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، صوفی ارشد القادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، پیر طارق ولی چشتی، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی، پیر میاں غلام مصطفی اور دیگر شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 181212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش