0
Monday 6 Aug 2012 15:15

لاہور میں جشن ولادت امام حسن علیہ السلام کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام

لاہور میں جشن ولادت امام حسن علیہ السلام کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ بین المذاہب امن کانفرنس اور دیگر تنظیموں کے زیراہتمام یوم ولادت باسعادت حضرت امام حسن علیہ السلام کے سلسلہ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس حوالے سے جشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں علمائے کرام، ذاکرین عظام اور شعرا حضرات نے اپنے اپنے انداز میں فضائل حضرت امام حسن علیہ السلام بیان کئے۔ بین المذاہب امن کانفرنس کے زیراہتمام تقریب میں شیعہ سنی علماء و مشائخ کے ساتھ ساتھ سکھ ہندو اور مسیحیوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد چشتی، آصف بٹ، شیراز چیمہ اور سردار بشن سنگھ نے فضائل حضرت امام حسن علیہ السلام بیان کئے۔

ڈاکٹر امجد چشتی نے کہا کہ دین خدا کی ترویج میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بے پناہ خدمات ہیں، آپ (ص) نے ساری زندگی اسلام کی ترویج میں گزار دی اور آپ (ص) کے وصال کے بعد آپ (ص) کے نواسوں نے اسلام کی بقا کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں صلح امام حسن (ع) ایسا عظیم معاہدہ ہے جس نے حق اور باطل کے درمیان حد فاصل کھینچ دی۔ آصف بٹ نے کہا کہ امام حسن (ع) کی پوری زندگی امن اور بھائی چارے کا درس دیتی نظر آتی ہے، امام حسن (ع) نے اسلام کی بقا اور سلامتی کے لئے قربانی دی اور ان کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے جس پر چل کر ہم معاشرے میں اخوت، بھائی چارے اور امن و سلامتی کو فروغ دے سکتے ہیں۔

سردار بشن سنگھ نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) اور حضرت امام حسن(ع) ہمارے بھی پیشوا ہیں ہم بھی ان کی سیرت سے بھائی چارے اور قربانی کا درس لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تمام مذاہب کو جینے کا حق اور سبق امام حسین (ع) نے میدان کربلا میں دیا اور امام حسن (ع) نے زندگی گزارنے کے ذریں اصول وضع کئے جو رہتی دنیا تک مشعل راہ رہیں گے۔ جشن ولادت امام حسن کی ایک خصوصی تقریب ملتان روڈ پر بھی ہوئی جس میں عبدالرشید ترابی اور کاظم جعفری نے مولا امام حسن (ع) کی ولادت کا کیک کاٹا اور مختلف فنکاروں نے فضائل اہلبیت بیان کئے۔ صادق حسن اور بشریٰ صادق نے منقبت پیش کی۔ اس کے علاوہ جعفریہ کالونی، لاہور کینٹ، گڑھی شاہو، مسلم ٹاؤن، دھرم پورہ، مغلپورہ، شالیمار، چمڑہ منڈی، شاد باغ، بادامی باغ، امامیہ کالونی، کوٹ عبدالمالک، شاہدرہ اور دیگر علاقوں میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں کیک کاٹے گئے اور ذاکرین و شعرا نے فضائل و منقبت اہل بیت (ع) بیان کی۔
خبر کا کوڈ : 185367
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش