0
Monday 27 Aug 2012 15:12

عالمی دہشت گرد امریکہ پوری دنیا میں بدامنی کا ذمہ دار ہے، رحمت خان وردگ

عالمی دہشت گرد امریکہ پوری دنیا میں بدامنی کا ذمہ دار ہے، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا علمبردار امریکہ ہی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور امریکہ عالمی دہشت گرد ہے جو پوری دنیا میں دہشت گردی کا ذمہ دار ہے، آج اگر امریکہ سری لنکا کی طرح افغانستان، عراق اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کردے تو سری لنکا کی طرح یہاں پر بھی دہشت گردی مکمل طور پر ختم ہو جائیگی، امریکہ فوری طور پر افغانستان سے نکل جائے اور یقینی طور پر خطے میں امن قائم ہو جائیگا۔ یہ بات انہوں نے سینئر وائس چیئرمین لاہور سٹی یامین خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ کی قرارداد پر عمل کرنا چاہیئے اور افواج پاکستان کو حکم دینا چاہیئے کہ وہ ڈرون کو گرانے کا حکم دیں کیونکہ جب تک ڈرون گرائے نہیں جائیں گے اس وقت تک حملے ہوتے رہیں گے اور پاکستان میں بےگناہوں کی ہلاکتیں ہوتی رہیں گی حالانکہ حکومت عدلیہ سے ٹکراؤ میں تو بارہا واویلا کرتی ہے کہ پارلیمنٹ بالادست ہے جبکہ ڈرون حملوں کے خلاف پارلیمنٹ کی قرارداد کے بعد پارلیمنٹ کو بالادست ثابت نہیں کیا جارہا، حکومت کے قول و فعل میں زبردست تضاد کے باعث ڈرون حملے نہ صرف جاری ہیں بلکہ ان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، حکومت پارلیمنٹ کی قراردادوں پر عمل کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی قوانین کے تحت بھی کسی ملک کی سرحدوں کی خلاف ورزی خلافِ قانون ہے اور نیٹو مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف مسلح افواج کو احکامات جاری کئے جائیں ایسا نہ ہو کہ امریکہ مزید مداخلت کے طریقے اختیار کرے اور اب عوام کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو چکا ہے ایسا نہ ہو کہ عوام حکومت کے ایوانوں کا گھیراؤ کردے پھر ان کو جانیں بچانے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔
خبر کا کوڈ : 190449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش