0
Thursday 30 Aug 2012 15:50
پرامن ایٹمی انرجی کے حق سے دستبردار نہیں ہونگے

غیر وابستہ تحریک کو نئے عالمی نظام کی تشکیل میں اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے، رہبر انقلاب اسلامی

غیر وابستہ تحریک کو نئے عالمی نظام کی تشکیل میں اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے، رہبر انقلاب اسلامی
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ غیر وابستہ تحریک کے اراکین اپنی وسیع توانائيوں اور صلاحیتوں سے دنیا میں امن و استحکام قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ حضرت آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے آج تہران میں غیر وابستہ تحریک کے سولھویں سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ غیر وابستہ تحریک کو نئے عالمی نظام کی تشکیل میں نیا اور اہم کردار ادا کرنا چاہیے اور اس تحریک کے رکن ممالک ایک دوسرے کے وسائل و ذرائع کو کامل کرکے نیز اپنی وسیع تر توانائیوں سے دنیا کو بدامنی، جنگ اور تسلط پسندی سے نجات دلانے میں اپنا تاریخی اور پائیدار کردار ادا کریں۔ 

انقلاب اسلامی ایران کے روحانی پیشوا کا کہنا تھا کہ غیر وابستہ تحریک کی تشکیل کا فلسفہ جغرافیائی اور نسلی اتحاد نہیں بلکہ اس وقت کی ضرورت تھا۔ انکا کہنا تھا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ دنیا کے حالات چند قطبی دنیا کی بشارت دے رہے ہیں، جس میں دنیا کی روایتی طاقتوں کی جگہ مختلف ممالک، ثقافتیں اور متنوع تہذیبیں لے رہی ہیں، جو مختلف اقتصادی، سیاسی اور سماجی بنیادوں کی حامل ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای نے کہا کہ دنیا کا انتظام کچھ مغربی ڈکٹیٹر ملکوں کے ہاتھوں میں نہیں ہونا چاہیے، بلکہ انتظام عالم میں جمہوری اصولوں پر مبنی قوموں کی مشارکت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ 

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غیر دانشمندانہ ڈھانچے پر مشتمل، غیر منصفانہ اور مکمل طور پر غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسکے اتحادی اسی غلط ڈھانچے سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھے الفاظ اور مصنوعی مسکراہٹ کے سہارے دنیا پر اپنی زور زبردستی کی پالیسیاں مسلط کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی دنیا کے اہم ترین مسائل میں سے ہیں اور عام تباہی پھیلانے والے مہلک ہتھیاروں کا خاتمہ ایک ضرورت اور اقوام عالم کا ایک فوری اور اہم مطالبہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ امریکہ نے صیہونی حکومت کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کیا ہے، تاکہ اسے علاقے کے مظلوم ملکوں پر مسلط کیا جاسکے۔ 

انقلاب اسلامی ایران کے سربراہ نے ایٹمی، کیمیائی اور دیگر تباہ کن ہتھیاروں کے استعمال کو ناقابل معافی اور بڑا گناہ قرار دیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوری ایران ایٹمی انرجی سے استفادہ کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا، کیونکہ عالمی قوانین کے مطابق پرامن ایٹمی انرجی سے استفادہ کرنا ہر ملک کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن پابندیوں کو ہرزہ سرائی کرنے والے افراد نے مفلوج کنندہ قرار دیا ہے، ان سے ہمارا عزم مزید پختہ اور راسخ ہوا ہے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور اس پر صیہونی حکومت کا قبضہ جاری رہنا گھناونا ظلم اور مختلف حوالوں سے امن عالم اور صلح کے لئے خطرہ ہے۔
 
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مغربی ممالک اور ان سے وابستہ ملکوں نے جو راہ حل پیش کئے ہیں وہ غلط اور ناکام رہے ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت ا۔۔۔ العظمی خامنہ ای نے آج تہران میں جاری ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس سے افتتاحی خطاب میں صہیونی حکومت کی تشکیل کے لئے مغرب کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت سے مغرب اور امریکہ کی حمایت بالآخر خود ان ممالک کے نقصان میں ثابت ہوگی۔ انہوں نے دنیا کے مختلف علاقوں میں امریکہ کی فوجی مداخلت اور طاقت کے بل پر تسلط کو اسکے خلاف نفرتوں میں اضافے کا اصل سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے بحران کا واحد حل، اس سرزمین کے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام جن میں مسلمان، عیسائی، یہودیوں اور فلسطینی پناہ گزینوں کی شمولیت میں بین الاقوامی اداروں کی زیر نگرانی ریفرنڈم کرانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 191324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش