0
Saturday 6 Oct 2012 20:10

ڈی آئی خان، کل وزیرستان میں امن کا جشن منائیں گے، عمران خان

ڈی آئی خان، کل وزیرستان میں امن کا جشن منائیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام شروع ہونے والا امن مارچ میانوالی سے گزرکر ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گیا ہے، عمران خان کہنا ہے کہ رات ڈیرہ اسماعیل خان میں گزاریں گے اورکل وزیرستان میں امن کا جشن منائیں گے۔ دوسری جانب ٹانک انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے امن مارچ کے شرکاء کو وزیرستان جانے سے روکنے اور ٹانک میں جلسے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی وزیرستان امن مارچ کے لئے ٹانک میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ عمارتوں کی چھتوں پر پولیس، لیویز اور دیگر فورسز کے اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق ٹانک انتظامیہ نے وزیرستان امن مارچ کے شرکاء کو ٹانک شہر سے 15 کلومیٹر دور میاں محرم سلطان زیارت کے علاقہ میں جلسہ کرنے کی سہولت دینے اور آگے جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے انتظامیہ نے اسٹیج کی تیاری شروع کردی ہے۔ جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے لئے حفاظتی حصار بھی بنایا جارہا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے مانجھی خیل کے مقام پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں اور رات کے وقت ان کنٹینرز کی مدد سے روڈ بلاک کردیا جائے گا۔ ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان سہیل خالد کے مطابق عمران خان کے امن مارچ کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ امن مارچ کے دوران بیچ میں سے کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پورے صوبے سے ریزرو پولیس اورایف سی کو طلب کرلیاگیا ہے۔ 

مارچ کے پورے راستے میں سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ ہتھالہ کیمپ پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اِس سے قبل آج صبح تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کا امن مارچ اسلام آباد سے وزیرستان روانہ ہوا،مارچ میں سیکڑوں گاڑیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور، لاہور اور دیگر شہروں سے بھی ریلیاں مارچ میں شامل ہوتی رہیں، جلوس کی حفاظت کے لیے جانثاران عمران خان فورس تشکیل بھی دی گئی ہے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مارچ امن مارچ ہے،کسی سے لڑنے نہیں جارہے اس لئے اس مارچ سے سب کو فائدہ اٹھانا چاہیئے، اگر ہمیں روکا گیا تو رک جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ پہلے کہا گیا طالبان کا حامی ہوں، اب کہہ رہے ہیں مغرب کا حامی ہوں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے خلاف بدگمانی پھیلانے میں فضل الرحمان کا بڑا ہاتھ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ فضل الرحمان لوگوں کو کہہ رہے ہیں یہود اور نصاریٰ آرہے ہیں حالانکہ میرے ساتھ امن کا پرچار کرنے والے لوگ ہیں، فضل الرحمان ہماری مقبولیت سے گھبرا کر مارچ کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے امن مارچ کو طالبان کے حملوں کا خطرہ نہیں، ہمارے ساتھ کچھ ہوا تو ذمے دار صدر، اُن کے اتحادی اور مولانا جیسے لوگ ہوں گے، ہمیں سکیورٹی وزیرستان کے لوگ فراہم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 201393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش